انگلینڈ نے آنے والے دنوں میں ویسٹ انڈیز، پاکستان، آئرلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں 55 رکنی ٹریننگ اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔
کورونا وائرس کے سبب سیزن کا آغاز جولائی تک التوا کا شکار ہونے کے باوجود انگلینڈ رواں سال ویسٹ انڈیز، پاکستان، آئرلینڈ اور آسٹریلیا کی میزبانی کے لیے پرعزم ہے اور اسی لیے ٹریننگ کیمپ کے لیے 55 کھلاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے۔
حیران کن طور پر ٹریننگ اسکواڈ میں جارح مزاج اوپننگ بلے باز ایلکس ہیلز اور ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن لیام پلنکٹ کو شامل نہیں کیا گیا، البتہ ڈیوڈ ولی کو دوبارہ ٹریننگ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
یہ گروپ کسی ایک جگہ ٹریننگ نہیں کرے گا بلکہ مختلف کاؤنٹیز اور گراؤنڈز میں ایس او پیز کے ساتھ ٹریننگ کی جائے گی۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے پرفارمنس ڈائریکٹر مو بوباٹ نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ٹریننگ کے لیے دوبارہ میدان کی طرف لوٹتے ہوئے دیکھنا بہت خوش آئند ہے اور ہم نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی ہے۔