سندھی اور اردو ڈراموں کے لیجنڈ مزاحیہ اداکار لطیف منا 75 برس کی عمر میں طویل عرصے تک بیمار رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔
لطیف منا قیام پاکستان سے قبل 1945 میں سرکاری ملازم عبدالعزیز اخوند کے ہاں کراچی کے علاقے لیاری میں پیدا ہوئے۔
لطیف منا نے ابتدائی تعلیم لیاری سے حاصل کرنے کے بعد معروف نارائن جگ ناتھ ودیا (این جے وی) اسکول سے تعلیم حاصل کی۔
لطیف منا نے 30 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا اور انہوں نے 1977 میں ’پیوند‘ ڈرامے سے کیریئر کا آغاز کیا، جس کے بعد ان کی شاندار اداکاری کے باعث انہیں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے متعدد ڈراموں میں کاسٹ کیا گیا۔