افغانستان میں امن، پاکستان کی سیاسی، عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے:عبد اللہ عبد اللہ

234

افغانستان کی اعلیٰ قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبد اللہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کے حوالے سے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے، اسلام آباد نے نے ہمارے ملک جاری امن مذاکرات کی حمایت کا پیغام بھیجا ہے جو ہمارے مفاد میں ہے۔

حال ہی میں پاکستان کا دورہ کر کے واپس جانے والے عبد اللہ عبد اللہ نے امریکی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میں نے پاکستانی قیادت سے کہا ہے کہ وہ طالبان پر اپنا تمام اثر و رسوخ استعمال کریں تاکہ امن عمل کو مدد مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران امن کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو عملی جامہ پہنانے پر تبادلہ خیال کیا جو دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے۔ میرے خیال میں پاکستان کی سیاسی قیادت، فوج اور دیگر ادارے ایک صفحے پر ہیں۔ انہوں نے افغانستان میں جاری امن مذاکرات کی حمایت کا پیغام بھیجا ہے جو افغانستان کے مفاد میں ہے۔ اسلام آباد کے افغان امن عمل میں کردار کے بعد یہ ضروری تھا کہ میں وہاں کا دورہ کروں۔

یاد رہے کہ عبداللہ عبداللہ گزشتہ دورِ حکومت میں جب افغانستان کے چیف ایگزیکٹو تھے تو انہوں نے پاکستان کے دورے کی دعوت کو کئی بار ٹھکرا دیا تھا۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے افغانستان کی اعلیٰ قومی مصالحتی کونسل کے سربراہ کا کہنا تھا کہ افغان حکومت اور طالبان ایک میز پر بیٹھ کر مذاکرات کر رہے ہیں، حالات کے بدلاؤ نے اُن کے ذہن کو بدل دیا ہے۔ افغانستان سمیت اس خطے میں اور دنیا بھر میں امن کی جانب کوششوں میں اضافہ ہوا ہے۔ مگر اس دوران بڑھتے تشدد کی وجہ سے ان کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

بین الافغان مذاکرات کی افتتاحی تقریب میں ایران کے کسی نمائندے کی عدم موجودگی سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکا کیسساتھ جاری کشمکش کی وجہ سے ایران نے دوحہ میں ہونے والی امن مذاکرات کی افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کی۔تہران کو بھی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔ لیکن تہران کی امریکا کے ساتھ کشیدگی میں شدت آ گئی ہے اور صورتِ حال بعض اوقات آپ کے فیصلوں پر اثر انداز ہوتی ہے۔