لندن میں نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ

234

لندن: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے سیاسی معاملات میں فوج کی مبینہ مداخلت کو تنقید کا نشانہ بنانے کے ٹھیک ایک ہفتے کے بعد اتوار کی شام تقریباً 2 درجن نوجوان ان کی رہائش گاہ ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر جمع ہوئے اور ان کے خلاف نعرے بازی کی۔ چہروں پر ماسک پہنے تقریبا 20 سے زائد نوجوان مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے گھر کے باہر جمع ہوئے اور ‘گو نواز گو’ کے نعرے لگائے۔

ان میں سے بہت سے لوگوں نے پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جس پر لکھا تھا کہ ‘ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں’ اور ‘نواز شریف چور ہے’۔

شریف خاندان کے ذرائع نے بتایا کہ مظاہرین نے گالم گلوچ بھی کی اور پنجابی زبان میں غیر اخلاقی زبان استعمال کی، شام 4 بجے میٹروپولیٹن پولیس کو اطلاع دی گئی اور جب پولیس کی گاڑی پہنچی تب تک ہجوم منتشر ہوچکا تھا اور اپنے پوسٹرز کو مظاہرے کے مقام پر چھوڑ گیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ پولیس میں شکایت درج کروائی گئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ‘پولیس کو 27 ستمبر کو 4 بجکر 20 منٹ پر ڈنراون اسٹریٹ پر بلایا گیا تھا، اطلاع دی گئی تھی کہ چند لوگ اکٹھے ہوکر احتجاج کر رہے ہیں، افسران جب وہاں پہنچے تو وہ لوگ منتشر ہوچکے تھے’۔

خیال رہے کہ نواز شریف نے 20 ستمبر کو ہائیڈ پارک میں اپنے بیٹے حسین نواز کے دفتر سے ویڈیو لنک کے ذریعے کثیر الجماعتی کانفرنس سے خطاب کیا تھا۔

ان کی اس تقریر اور کانفرنس کی جانب سے مبینہ اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کے خاتمے کا سخت مطالبہ کرنے والی قرارداد کے بعد سے اسلام آباد میں شہری حکومت کے معاملات میں مسلح افواج کے مبینہ کردار کے بارے میں عوامی مباحثے کا چرچا دیکھنے کو ملا ہے۔

ملٹی پارٹی کانفرنس کے بعد کئی وضاحتیں سامنے آئی ہیں جن میں ذرائع نے زور دے کر کہا کہ فوج سیاسی معاملات میں ملوث نہیں ہے۔