چین نے جان بوجھ کر کورونا پوری دنیا میں پھیلایا:ٹرمپ کا جنرل اسمبلی سے خطاب

305

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں بھی چین کو کورونا وائرس پھیلانے کاذمہ دار قرار دے دیا۔

اقوم متحدہ کے سالانہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ چین سے دنیا بھر میں کورونا وائرس پھیلانے کا حساب لیا جانا چاہیے۔

امریکی صدر نے کہا کہ کورونا وبا کے آغاز میں چین نے اپنی ڈومیسٹک فلائٹس پر پابندی لگادی لیکن اپنے ملک سے بیرون ملک پروازیں جاری رکھیں تاکہ وائرس پوری دنیا میں پھیل جائے۔

انہوں نے کہا کہ جب امریکا نے چین کیلئے پروازیں بند کیں تو چین نے اس کی مذمت کی حالانکہ اس وقت چین اپنے لوگوں پر لاک ڈاؤن کرچکا تھا اور ڈومیسٹک پروازیں بھی بند کرچکا تھا۔

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے ورچوئل خطاب میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو اگر مؤثر ادارہ بننا ہے تو اسے دہشت گردی، خواتین کے استحصال، انسانی و منشیات اسمگلنگ، مذہبی جبر اور مذہبی اقلیتوں کی نسلی کشی جیسے حقیقی مسائل پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ہمیشہ سے انسانی حقوق کا علمبردار رہا ہے اور رہے گا۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد سے چین اور امریکا کے درمیان سرد جنگ کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، پہلے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی محاذ آرائی جاری تھی اور اب کورونا وبا کے بعد تعلقات میں مزید کشیدگی آئی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ پہلے دن سے کورونا وائرس دنیا بھر میں پھیلانے کا الزام چین پر عائد کررہے ہیں جبکہ چین اس سے انکار کرتا ہے۔

جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں چینی صدر نے بھی کہا کہ ممالک کے درمیان اختلافات بات چیت کے ذریعے حل ہونےچاہئیں،چین کسی بھی ملک سے سرد یا گرم کسی بھی قسم کی جنگ نہیں کرنا چاہتا۔

اس سے قبل اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریس نے بھی اپنے خطاب میں چین اور امریکا کا نام لیے بغیر کہا کہ دنیا کے تمام ممالک کو سرد جنگ اور تنازعات سے ہر ممکن طور پر بچنا ہوگا۔