لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی شنیرا اکرم نے بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت پر تنقیدی نشتر چلا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی اداکارہ کنگنا رناوت فلموں میں اداکاری کرنے سے زیادہ پاکستان مخالف زہر اگلنے اوردوسروں کے ساتھ جھگڑا مول لینے کے لیے مشہور ہیں اور اس وہ خود کو معصوم سمجھتی ہیں، خیال ہے کہ وہ کبھی بھی کسی کے ساتھ جھگڑا نہیں کرتیں بلکہ دوسرے لوگ ان کے ساتھ لڑائی کرتے ہیں۔
حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں کنگنا رناوت نے اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت لڑاکو مشہور ہوں لیکن یہ سچ نہیں ہے۔ میرا ریکارڈ ہے کہ میں کبھی لڑائی شروع نہیں کرتی۔ اگرکسی نے یہ ثابت کردیا کہ ہمیشہ میں لڑائی کا آغاز کرتی ہوں تو میں ٹوئٹر کو خیرباد کہہ دوں گی۔ بہرحال میں کبھی لڑائی شروع نہیں کرتی لیکن ہر لڑائی کو ختم ضرور کرتی ہوں۔
انہوں نے اپنے کسی مذہبی دیوتا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی تم سے لڑائی کرنا چاہے یا تمہیں لڑائی کرنے کے لیے مجبور کرے تو اسے منع مت کرو۔