اشرف غنی کا جرگے سے 400 قیدیوں کی قسمت کا فیصلہ کرنے کی اپیل

221

کابل: افغان صدر اشرف غنی نے  کابل میں جمع ہونے والے ہزاروں ممتاز شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 400 کے قریب قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کریں جن میں متعدد افغانوں اور غیر ملکیوں کو ہلاک کرنے والے شامل ہیں۔

قیدیوں کی رہائی دونوں فریقین، افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کے آغاز میں ایک اہم رکاوٹ ہے جس نے مذاکرات شروع ہونے سے پہلے ہی قیدیوں کے تبادلے کو مکمل کرنے کا عہد کیا تھا۔

افغان حکومت نے تقریبا 5 ہزار طالبان قیدیوں کو رہا کیا ہے تاہم حکام نے طالبان کی جانب سے مطالبہ کیے گئے قیدیوں کو رہا کرنے سے انکار کیا ہے۔

اشرف غنی نے زور دیا کہ اگر قیدیوں کو رہا کیا گیا تو امن مذاکرات کا آغاز ہوسکتا ہے جبکہ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ‘کسی بھی فیصلے کی بھرپور حمایت کریں گے’۔

انہوں نے قبائلی عمائدین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے متنازع معاملات پر فیصلہ کرنے کے لیے روایتی افغان جرگے کا انعقاد کرتے ہوئے کہا کہ ‘طالبان نے کہا تھا کہ اگر ان 400 کو رہا کردیا گیا تو پھر تین دن کے اندر براہ راست مذاکرات شروع ہوجائیں گے’۔