گلوکارہ میڈونا کی کرونا وائرس کے علاج کی پوسٹ انسٹاگرام نے سنسر کر دی

293

واشنگٹن: عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار سنگر میڈونا کی کرونا وائرس کے علاج سے متعلق ایک پوسٹ انسٹاگرام نے سنسر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق گلوکارہ میڈونا کو کو وِڈ 19 کے علاج سے متعلق غلط معلومات پھیلانے پر انسٹاگرام پر سنسر کیا گیا ہے، میڈونا نے انسٹاگرام پر اس سلسلے میں ایک ویڈیو شیئر کی تھی جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ری ٹویٹ کر دیا۔

انسٹاگرام پر میڈونا کے فالوورز کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے بھی زائد ہے، اپنے مداحوں کے لیے انھوں نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کرونا وائرس کے لیے کئی مہینوں سے ایک تصدیق شدہ ویکسین موجود ہے، لیکن اسے خفیہ رکھا جا رہا ہے تاکہ دولت مند مزید امیر ہو جائیں اور غریب اور بیمار افراد مزید بیمار ہوں۔

انھوں نے اپنی پوسٹ میں امریکی معالج اسٹیلا امانوئل کی ایک ویڈیو لگائی تھی جنھوں نے ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلوروکوئن کو کرونا وائرس کی معجزانہ دوا قرار دیا تھا، اس سلسلے میں ان کی کئی ویڈیوز انٹرنیٹ پر تیزی سے پھیلی تھیں لیکن ملیریا کی یہ دوا کرونا وائرس کے خلاف مؤثر نہیں پائی گئی۔