معروف اداکارہ امبر ہرڈ نے لندن کی ہائی کورٹ میں اپنے سابق شوہر جونی ڈیپ کے خلاف بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں سابق شوہر قتل اور دوسرے مرد حضرات سے ’ریپ‘ کروانے کی دھمکیاں بھی دیتے رہے ہیں۔
امبر ہرڈ 20 جولائی کو اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے لندن کی ہائی کورٹ پہنچیں۔
اس سے قبل ان کے سابق شوہر جونی ڈیپ نے مذکورہ عدالت میں اپنے بیانات ریکارڈ کروائے تھے، جس میں انہوں نے امبر ہرڈ کی جانب سے تشدد کے لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتےہوئے سابق بیوی پر کئی الزامات لگائے تھے۔
یہ کیس اگرچہ براہ راست امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے درمیان نہیں ہے، تاہم اس کیس کا مرکزی نقطہ دونوں کے تعلقات، شادی اور دونوں میں تشدد کی وجہ سے طلاق ہیں۔
یہ کیس جونی ڈیپ کی جانب سے برطانوی اخبار دی سن کے خلاف 2018 میں دائر کیا گیا تھا۔
اداکار نے اپریل 2018 میں برطانوی اخبار ‘دی سن‘ کے خلاف جھوٹا مضمون لکھنے پر لندن کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا۔