0

اسرائیل کی تنقید پر ایڈیڈاس نے بیلا حدید کی تصاویر اشتہارات سے ہٹا دیں

اسرائیل کی جانب سے تنقید پر جرمن کمپنی ایڈیڈاس نے امریکی فیشن ماڈل بیلا حدید کی تصاویر میونخ اولمپک گیمز کی مناسبت سے لانچ کیے گئے جوتوں کے اشتہار سے ہٹا دیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن کمپنی نے 1972 کے میونخ اولمپکس سے متاثر ہو کر جوتوں (SL72) کا ڈیزائن پیش کیا تھا، جس کی اشتہاری مہم میں فلسطینی حامی سپر ماڈل بیلا حدید کو شامل کیا گیا تھا، تاہم اسرائیل کی جانب سے شدید تنقید کے بعد انھیں مہم سے ہٹا دیا گیا ہے۔1972 کے میونخ اولمپکس میں ’فلسطینی بلیک ستمبر‘ گروپ نے اسرائیلی ایتھلیٹس کو یرغمال بنا دیا تھا، اس واقعے میں 11 کھلاڑی ہلاک ہو گئے تھے۔جرمنی میں قائم اسپورٹس ویئر کمپنی نے جمعہ کو اے ایف پی کو بھیجے ایک بیان میں کہا کہ بیلا حدید کی شمولیت پر اسرائیلی تنقید کے بعد وہ اشتہاری مہم پر نظر ثانی کر رہے ہیں، کمپنی نے کہا کہ وہ اس بات سے آگاہ ہے کہ جوتوں کے ڈیزائن میں المناک تاریخی واقعات کا ٹچ دیا گیا ہے، لیکن یہ کسی ارادے کے تحت نہیں تھا، اس سے کسی کو تکلیف پہنچی ہو تو اس کے لیے ہم معذرت خواہ ہیں۔واضح رہے کہ بیلا حدید کے والد فلسطینی ہیں، وہ کئی برس سے اسرائیلی حکومت پر کھل کر تنقید کرتی آ رہی ہیں، انھوں نے فلسطینیوں کی حمایت میں کئی بار انسٹاگرام پوسٹیں کیں، اور اپنے فالوورز سے کہا کہ وہ اپنے رہنماؤں پر دباؤ ڈالیں کہ غزہ میں عوام کے تحفظ کے لیے کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں