صوبے بنایئے لیکن سوچ سمجھ کر ؟

راقم کی رائے میں ابھی پاکستان اقتصادی لحاظ سے اس قابل نہیں کہ نئے صوبوں کے اخراجات کا بوجھ سہار سکے۔ دوسری طرف، یہ بھی ضروری ہے کہ اختیارات کو نیچے منتقل کی جائے۔ اس لیے پہلے مقامی حکومتوں کا نظام بنایا جائے، اسے فعال کیا جائے اور پھر صوبوں کی منصوبہ بندی کی جائے۔ کراچی والے کیا چاہتے ہیں؟ سب سے پہلے کراچی والے چاہتے ہیں کہ کراچی کو صوبہ بنا دیا جائے۔ بلاول بھٹو اوران کی پارٹی اس کے سخت خلاف ہیں۔ وہ اسلئے کہ اگر کراچی صوبہ بن گیا تو پاکستان کا سب سے بڑا اور مالدار شہر ایم کیو ایم کے قبضہ میں چلا جائے گا۔اور پیپلز پارٹی کو یہ کسی صورت میں بھی منظور نہیں۔کراچی کی اہمیت سمجھنے کے لیے، یہ جاننا ضروری ہے کہ یہ شہر پاکستان کا صنعت اور معیشت کا صدر مقام ہے۔ کراچی کی سالانہ پیداوار 164بلین ڈالربتائی گئی ہے۔کراچی ملک کی کل مالیہ کی وصولی کا پچاس فیصد دیتا ہے۔ جس کا نصف کسٹم ڈیوٹی اوردرآمدات پر سیلز ٹیکس کی مد سے ملتا ہے۔کراچی بڑی صنعتی پیداوار میں بہتری لا کر 30 فیصد کا اضافہ کرتا ہے۔ عالمی بینک نے کراچی کو انتہائی کاروباری پسندیدہ شہر قرار دیا ہوا ہے۔اور دنیا کے شہروں میں سب سے کم مہنگا شہر بھی بتایا گیا ہے۔قابل غور امر یہ ہے کہ سندھ کی کل آمدنی کا 95فیصد کراچی سے ملتا ہے۔ کل پاکستان کی اقتصادی ترقی کا 25 فیصد کراچی سے منسوب کیا گیا۔یہ اعداد وشمار دس یا زیادہ سال پرانے ہیں۔ہمارا قیاس ہے کہ صورت حال آج بھی زیادہ مختلف نہیں ہو گی۔کراچی کی معیشت،لاہور اور فیصل آباد سے کہیں زیادہ ہے۔یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ کراچی کے بغیر سندھ کنگال ہو جائے گا۔اور پی پی پی کی موج مستیاں ختم ہو جائیں گی۔ ایک لحاظ سے یہ اچھا ہی ہے۔ پھر بلاول زرداری کو کوئی ڈھنگ کاکام کرنا پڑے گا ورنہ لوگ ان سے بد دل ہو جائیں گے۔سندھ میں خصوصاً تعلیم کا معیار ٹھیک کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔ پھر ترقیاتی منصوبوں پر کام۔اور اگر ہوش ٹھکانے آ جائیں تو وفاق کو کالا باغ ڈیم بنانے کی اجازت بھی دے دیں۔ ان سے سودا کر لیں کہ ڈیم سے جو آمدنی ہو اس کا ایک حصہ سندھ کو ملے۔جس سے سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کو تقویت ملے۔سندھ میں لوگوں کو روٹی ، کپڑا اور مکان کی سخت ضرورت ہے۔ پی پی پی کو چاہیے کہ اپنا وعدہ پورا کرے۔اور لوگوں کو گھر بنانے میں سہولتیں دے۔ان اعداد و شمار کی روشنی میں یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ کیوں پیپلز پارٹی زیادہ صوبے بنانے کے حق میں نہیں۔اسے یقین ہے کہ اگر کراچی علیحدہ صوبہ بن گیا تو وہ ان کے ہاتھ سے نکل جائے گا اور اس پر ایم کیو ایم قابض ہو جائے گی۔یہ انہیں کسی صورت قبول نہیں۔ اسی لیے بلاول بھٹو نے ابھی اپنی تقریر میں کہا کہ اگر ایسے صوبے بنائے گئے تو سندھ میں،کراچی سمیت خون کی ندیاں بہہ جائیں گی۔یہ ہونا قرین قیاس ہے۔ پیپلز پارٹی کے لیے یہ زندگی اور موت کامسئلہ ہے۔اس لیے بھی 18 سال کی حکومت میں، پی پی پی نے سندھ کی حالت نہیںبدلی۔ وہ صرف لوُٹ مار میں مصروف رہے۔اور اپنے افسروں کو بھی کھلی چھٹی دیئے رکھی کہ وہ بھی خوب کرپشن کریں۔سندھ میں پی پی پی نے تعلیم کا بیڑہ غرق کیا۔اور نہ ہی صحت عامہ پر توجہ دی۔ان کا زور اس بات پر تھا کہ نو جوانوں کو کسی نہ کسی طرح ڈپلوما یا ڈگری دلوا دی جائے تا کہ انہیں صوبائی اور وفاقی نوکریاں مل سکیں۔اب آپ خدا سے دعا کریں کہ آپ جب سندھ میں کہیں بیمار پڑ جائیں تو کسی چھوٹے شہر کے ہسپتال میں نہ جانا پڑے۔ کیونکہ عین ممکن ہے کہ وہاں کے ڈاکٹر بغیر امتحان دیئے ڈگری لے کرکام کر رہے ہوں ۔ایک دعا یہ بھی کریں کہ زداری اور بلاول اور ان کے کنبے کو ایسے ڈاکٹروں سے واسطہ پڑے۔جو سڑک کے حادثے میں پڑ سکتا ہے۔کراچی مسائل کا شہر ہے۔اگرچہ کاروباری اور صنعتی سر گرمیاں، بندر گاہ وغیرہ سے روپے پیسے کی ریل پیل ہے، لیکن انتظامیہ جن لوگوں کے ہاتھ آتی ہے ، وہ چاہتے ہوئے بھی اس کرپٹ نظام میں نہ کچرا اٹھوا سکتے ہیں، نہ ٹریفک کو سنبھال سکتے ہیں، اور نہ پانی کا کوئی مستقل انتظام کر سکتے ہیں۔ یہ مسائل اپنی جگہ دہائیوں سے چلے آ رہے ہیں اور ان کے ختم ہونے کا کوئی امکان بھی نظر نہیںآتا۔کیا کریں، آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے ۔ کراچی کے مسائل گھمبیر ہیں۔اور معلوم ہوتا ہے کہ کسی کے بس میں نہیں۔ان میں ایک مسئلہ آوارہ کتوں کا ہے۔ کراچی میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے بہت سے لوگ مر جاتے ہیں۔کراچی کے مئیرمرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ حکومت نے پہلے یہ فیصلہ کیا تھا کہ آوارہ کتوں کو ہلاک نہیں کیا جائے گا اور سٹی کونسل اس مسئلہ کے حل کے لیے ایک مناسب پالیسی بنائے گی۔ اگر میری یاداشت کام کرتی ہے تو اس حکم کے پیچھے بھٹو فیملی کی ایک خاتون تھیں جنہیں کتوں سے پیار تھا۔بعد میںغالباً اور لوگوں نے ایک انجمن تحفظ حیوانات بنا لی اور آوارہ کتوں کو مارنے کا منصوبہ ختم ہو گیا ۔ یہ تو ہوئی اچھی بات لیکن کتوں نے اس فیصلہ سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور وہ جب بیمار ہوتے تو ان کادل کرتا کہ وہ ہر ایک کو کاٹنے کو دوڑیں۔اس طرح اپنی بیماری انسانوں تک پہنچائیں۔ تو یہ بیمار کتے انسانوں کو کاٹتے اور وہ انسان رے بیز کے مرض میں مبتلا ہو جاتے ہیں، جس کا انجام موت ہے۔ البتہ اگر ایسے مریض کو بر وقت مناسب دوا کے ٹیکے لگ جائیں تو وہ بچ جاتا ہے۔اب پاکستان کے جو حالات ہیں کہ کہیں ٹیکے ہیں اور کہیں نہیںتو قسمت کی بات ہے کہ مریض کو ٹیکے لگیں یا نہیں۔ اور کئی بے چارے تو اس علاج سے واقف بھی نہیں ہوتے۔11ستمبر 2026ء کی اخباری رپورٹ کے مطابق، کراچی کے مئیر مرتضیٰ وہاب نے اعتراف کیا کہ کتوں کے شائقین بہت طاقتور ہیں۔اوراس وجہ سے وہ آوارہ کتوں کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھا سکتے۔اگر ہم کوئی قدم نہ اٹھائیں تومتاثرہ لوگ شور مچاتے ہیں اور اگر اٹھائیں تو کتوں کے شائقین سخت مخالفت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر شہر کے مسائل کو حل کرنا ہے تو سب شراکت داروں کو فیصلہ سازی میں شا مل ہونا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ آوارہ کتوں کے حق میں ہیں ان کو چاہیے کہ وہ ان کو اپنے گھروں میں رکھیں۔مزید براآن انہوں نے کہا کہ حیوانوں سے محبت کرنا ایک بات ہے لیکن چند افراد کے شوق کے لیے پورے معاشرے کی حفاظت کو خطرہ میں ڈالدینا کیسی عقلمندی ہے؟مئیر نے کہا کہ انہوں نے بذات خود ان مشکلات کو دیکھا ہے جو کتوں کے کاٹے مریضوں کو برداشت کرنی پڑتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بہت سے لوگوں نے ان مسائل پر کام کرنا چاہا لیکن جب وہ کچھ پیش رفت کرتے تھے تو ان پر دبائو بڑھنا شروع ہو جاتا تھا۔ایسے بااثر لوگوں کی شناخت ضروری ہے۔گیل اپ کے جائزے کی رپورٹ کے مطابق،جو مارچ ۲۰۲۶ء میں شائع ہوئی ، سندھ میں سب سے زیادہ کتوں کے کاٹنےکے واقعات ہوئے ہیں۔سارے ملک میں ہر سال تین لاکھ واقعات بتائے جاتے ہیں، یعنی ہر گھنٹے میں 45۔ کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سنٹر، کے مطابق جنوری سے اگست تک میں 8,856 کتے کے کاٹے کے نئے واقعات ریکارڈ کیے گئے ۔ انڈس ہسپتال میںاس سال اب تک 13,000 کتے کے کاٹے کی کیس ریکارڈ کیے گئے۔ایک خبر کے مطابق زیادہ چھوٹے بچے متاثر ہوتے ہیں۔تحفظ حیوانات کے ارکان کہتے ہیں کہ بہتر حل یہ ہے کہ آوارہ کتوں کو خصی کر دیا جائے۔اس سے ان کی تعداد بڑھنی گھٹ جائے گیْ۔ ان کومارنا غیر انسانی حرکت ہے اور موثر بھی نہیں۔ایک سوشل میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ورلڈ بینک نے آوارہ کتوں کی افزائش کم کرنے کے لیے خاصی رقم دی۔ اس رقم کے بعد ایک خاص دفتر بنایا گیا۔افسران لگائے گئے۔لیکن اس رقم کا سراغ نہیں ملتا۔ کتوں کا مسئلہ جوں کا توں ہے۔کراچی کے مسائل میں پانی کی فراہمی سر فہرست ہے۔ حکومت نے کافی اقدامات لیے ہیں لیکن عارضی۔جیسے کہ ٹینکرز کے ذریعے پانی پہنچانا۔تجاوزات کا مسئلہ دوسرا ہے۔کراچی کا کچرا مشہورِ عالم ہے ۔جب صوبوں کی بات چھڑی ہے تو یہ دیکھنا ہو گا کہ پاکستان کے صنعتی شہر ہیں جن سے حکومت کو آمدنی ملتی ہے وہ کن صوبوں میں جائیں گے۔مثلاً لاہور؟ پنجاب کے اگر چار صوبے بنے تو کسی ایک میں تو لاہور جائے گا۔اس صوبہ کی تو موج لگ جائے گی۔ لیکن جنوبی پنجاب والوں کا کیا بنے گا؟ اگر ان کے صوبہ میں ملتان ہوا تو خیر لیکن ملتان بھی کوئی اتنا خاص آمدنی والا شہر نہیں۔ وہاں تو غربت ہی غربت اور افلاس کی حکمرانی ہے۔اس صوبے کو تو خیرات پر ہی چلانا پڑے گا۔انٹر نیٹ سے ۱۲ صوبوں کا جو سراغ ملتا ہے اس کے مطابق، اکثر بڑے شہر کسی نہ کسی صوبہ سے منسلک ہو نگے۔ البتہ شمال مشرقی پنجاب کے صوبے میں لاہور، سیالکوٹ ، گجرانوالہ اور قْصور شامل ہو نگے۔ اس لحاظ سے یہ صوبہ کراچی کے بعد سب سے متمول صوبہ ہو گا۔چھوٹے صوبوں کا اللہ ہی حافظ، جیسے بلوچستان کا صوبہ ڈیرہ مراد جمالی۔اسی طرح شمالی کے پی اور جنوبی کے پی میں پشاور ہی ایک بڑا شہر ہے۔ بڑے شہروں سے صوبوں کو کچھ آمدنی کا سہارا مل جاتا ہے، جس سے وہ شہری سہولتیںمہیا کر سکتے ہیں۔اور حکومتی اخراجات نکال سکتے ہیں۔ لیکن جب کوئی بڑا شہر ہی صوبہ میں نہ ہو تو وہ صوبے وفاق کے رحم و کرم پر ہو نگے؟۔ان بارہ صوبوں پر اگر ایک نظر ڈالیں تو، آبادی کے لحاظ سے بہت تفاوت نظر آتا ہیْ مثلاً مشرقی بلوچستان کی آبادی تقریباً پانچ ملین ہے تو جنوبی پنجاب کی چالیس ملین سے بھی اوپر۔ جس صوبہ میں اتنی غربت ہے وہ کیسے اپنی ضروریات پوری کرے گا؟ وہ تو اپنی انتظامیہ کی تنخواہیں بھی نہیں دینے کے قابل ہو گا؟ ظاہر ہے کہ وفاق کو بڑے شہروں سے ٹیکس وصولی کا طریق کار بہتر کرنا ہو گا۔اور مالیہ بڑھانا ہو گا تب ہی غریب صوبوں کا گزارہ ہو گا۔اس کے لیے محکمہ مال میں پھیلا وسیع و عریض کرپشن کا جال سمیٹنا پڑے گا تب ہی کوئی امید بندھے گی۔کہتے ہیں کہ رائے شماری کرائی جائے گی کہ مزید صوبے بنیں یا نہ بنیں۔پاکستانیوں کی ریت ہے کہ وہ سوچے سمجھے بغیر ہاں کہنا ہی مناسب سمجھتے ہیں۔اس لیے رائے شماری کا نتیجہ یہی نکلے گا۔ لیکن کیا ہی اچھا ہو کہ عوام کو اس رائے شماری سے پہلے اسکے مقصد اور نتائج سے آگاہی دی جائے ۔، تا کہ وہ سوچ سمجھ کر اس میں حصہ لیں۔راقم نے ایک گذشتہ کالم میں اس کا ذکر کیا تھا کہ فیلڈ ماشل صاحب کو ان صوبوں کے معاملے میں کیوں اتنی دلچسپی ہے۔ اس کو بھی سامنے رکھیے اور پھر فیصلہ کیجئیے۔ اس رائے شماری کو 28 ویں آئینی ترمیم کے تناظر میں دیکھیں گے تو بات ایک دم واضح ہو جائے گی۔








