پاکستان کی زرعی خوشحالی اور عوام کی غذائی بدحالی کا تضاد

تحریر آصف اقبال
کسی ملک کی ترقی کا اندازہ لگانا ہو تو اس کے حکمرانوں کی تقریریں سننے کے بجائے عام آدمی کے گھر کا دسترخوان دیکھ لیجیے۔ حکمران ترقی کے دعوے کرتے رہتے ہیں معاشی اشاریے اوپر نیچے ہوتے رہتے ہیں، نئی سڑکیں بنتی ہیں اور بلند عمارتیں تعمیر ہوتی رہتی ہیں، لیکن اگر ایک باپ اپنے بچوں کے لیے دودھ، انڈے اور دال خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتا تو پھر ترقی کے ان دعووں پر سوال اٹھانا بنتا ہے پاکستان آج ایک ایسے ہی تضاد سے دوچار ہے ایک طرف زرعی پیداوار کے بڑے اعدادوشمار ہیں دوسری طرف مہنگائی سے پریشان خاندان ہیں ایک طرف ملک چاول برآمد کرتا ہے، دوسری طرف لاکھوں گھرانوں کو دو وقت کی مناسب خوراک میسر نہیں سوال یہ ہے کہ آخر ہماری زرعی خوشحالی عام آدمی کے باورچی خانے تک پہنچتے پہنچتے کہاں گم ہو جاتی ہے؟دنیا بھی اس وقت بھوک کے ایک سنگین بحران سے گزر رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے اداروں، عالمی ادارۂ خوراک و زراعت (FAO)، عالمی پروگرام برائے خوراک (WFP) اور گلوبل نیٹ ورک اگینسٹ فوڈ کرائسز کی گلوبل رپورٹ آن فوڈ کرائسز 2026 کے مطابق 2025 میں دنیا کے 47 ممالک اور خطوں کے تقریباً 26 کروڑ 60 لاکھ افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار تھے یہ زیرِ تجزیہ آبادی کا 22.9 فیصد بنتا ہے جبکہ 2024 میں یہ شرح 22.3 فیصد تھی رپورٹ کا ایک اور تشویش ناک پہلو یہ ہے کہ 2016 سے 2025 کے دوران شدید غذائی عدم تحفظ کی شرح دوگنا سے زیادہ ہو چکی ہے۔ مزید یہ کہ دنیا کے دس بڑے غذائی بحرانوں سے متاثرہ ممالک میں تقریباً 17 کروڑ 70 لاکھ افراد آباد ہیں۔ گویا دنیا نے مصنوعی ذہانت، خلائی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی میں تو غیر معمولی ترقی کر لی، لیکن کروڑوں انسانوں کے لیے مناسب خوراک کا انتظام ابھی تک ایک بڑا چیلنج ہے اب ذرا پاکستان کی طرف آئیے قدرت نے پاکستان کو زرخیز زمین دریاؤں محنتی کسانوں اور زرعی پیداوار کی وسیع صلاحیت سے نوازا ہے ہم گندم، چاول مکئی گنا کپاس اور متعدد دیگر اجناس پیدا کرتے ہیں دودھ کی پیداوار میں بھی ہمارا شمار دنیا کے بڑے ممالک میں ہوتا ہے اس کے باوجود پاکستان میں غذائی عدم تحفظ کا بڑھنا ہماری معاشی ترجیحات، زرعی پالیسی اور حکومتی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے۔پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے ہاؤس ہولڈ انٹیگریٹڈ اکنامک سروے 2024-25 کے اعدادوشمار اس صورتحال کی واضح تصویر پیش کرتے ہیں سروے کے مطابق 2018-19 میں معتدل یا شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار گھرانوں کی شرح 15.92 فیصد تھی جو بڑھ کر 2024-25 میں 24.35 فیصد ہو گئی اسی عرصے میں شدید غذائی عدم تحفظ کی شرح بھی 2.37 فیصد سے بڑھ کر 5.04 فیصد تک پہنچ گئی سادہ الفاظ میں تقریباً ہر چار میں سے ایک گھرانہ خوراک کے حصول میں مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔یہاں حکومت سے ایک سوال بنتا ہے اگر ایک مزدور سارا دن محنت کرنے کے باوجود اپنے بچوں کے لیے مناسب خوراک نہیں خرید سکتا تو پھر معاشی ترقی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچنے کے دعوے کس بنیاد پر کیے جا رہے ہیں؟پاکستان میں زرعی پیداوار کے اعدادوشمار بھی دلچسپ ہیں۔ وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی زرعی شماریات 2024-25 کے مطابق ملک میں تقریباً 2 کروڑ 84 لاکھ ٹن گندم، 97 لاکھ ٹن چاول اور 90 لاکھ ٹن مکئی پیدا ہوئی تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں گندم کی پیداوار میں تقریباً 10.7 فیصد، چاول میں 1.5 فیصد اور مکئی میں 7.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی یہ اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ پاکستان کے زرعی شعبے کو ایک طرف پیداوار بڑھانے اور دوسری طرف موسمیاتی تبدیلیوں پیداواری لاگت اور کسانوں کے معاشی مسائل سے نمٹنے کی ضرورت ہے دودھ کی پیداوار کے حوالے سے بھی پاکستان کی پوزیشن نمایاں ہے۔ پاکستان اکنامک سروے 2024-25 کے مطابق ملک میں مجموعی دودھ کی پیداوار کا تخمینہ تقریباً 7 کروڑ 23 لاکھ ٹن لگایا گیا ہے۔ تاہم یہ بات بھی قابلِ توجہ ہے کہ سرکاری تخمینے مویشیوں کی آبادی اور پیداوار کے مقررہ تخمینوں کی بنیاد پر مرتب کیے جاتے ہیں لہٰذا پیداوار کے ان اعدادوشمار کو عوام تک دودھ کی حقیقی دستیابی کا متبادل نہیں سمجھنا چاہیے اصل مسئلہ یہی ہے خوراک پیدا ہونا ایک بات ہے اور اس کا عام شہری کی قوتِ خرید میں ہونا دوسری بات اگر گندم موجود ہے مگر مزدور آٹا نہیں خرید سکتا دودھ پیدا ہو رہا ہے مگر بچے کو دودھ میسر نہیں اور چاول برآمد ہو رہے ہیں مگر غریب خاندان متوازن خوراک سے محروم ہے تو پھر زرعی کامیابی کے دعووں کا ازسرِنو جائزہ لینا ہوگا بھوک کا مسئلہ صرف پیٹ بھرنے تک محدود نہیں اصل مسئلہ متوازن اور غذائیت سے بھرپور خوراک کی عدم دستیابی بھی ہے مہنگائی کے باعث خاندان گوشت دودھ انڈے دالیں اور پھل اپنی خوراک سے کم کرنے پر مجبور ہیں۔ اس کا سب سے زیادہ نقصان بچوں اور خواتین کو پہنچتا ہے پاکستان میں بچوں کی غذائی صورتحال بھی انتہائی تشویش ناک ہے انٹیگریٹڈ فوڈ سکیورٹی فیز کلاسیفکیشن (IPC) کی 2026 کی رپورٹ کے مطابق سندھ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے 45 دیہی اضلاع میں چھ سے 59 ماہ کی عمر کے تقریباً 27 لاکھ 10 ہزار بچے شدید یا معتدل غذائی قلت کا شکار ہیں ان میں تقریباً 7 لاکھ 6 ہزار بچے شدید غذائی قلت جبکہ تقریباً 20 لاکھ بچے معتدل غذائی قلت کا شکار ہیں رپورٹ کے مطابق تقریباً 2 لاکھ 32 ہزار حاملہ یا دودھ پلانے والی خواتین بھی غذائی قلت سے متاثر ہیں یہ اعدادوشمار محض صحت کے محکمے کی رپورٹ نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کے بارے میں ایک خطرے کی گھنٹی ہیں۔ جس ملک کے بچے مناسب غذا حاصل نہ کر سکیں وہاں تعلیم انسانی ترقی اور مستقبل کی افرادی قوت کے بارے میں بڑے بڑے منصوبے کس حد تک کامیاب ہوں گے؟ایک بچہ اگر بچپن میں ضروری غذائیت حاصل نہیں کرتا تو اس کی جسمانی اور ذہنی نشوونما متاثر ہو سکتی ہے پھر ہم اسی بچے سے توقع کرتے ہیں کہ وہ کل کو ڈاکٹر انجینئر، سائنس دان اور ملک کا ذمہ دار شہری بنے گا۔ سوال یہ ہے کہ جب ہم اسے بنیادی غذائی سہولت فراہم نہیں کر پا رہے تو اس سے غیر معمولی صلاحیتوں کی توقع کیسے رکھ سکتے ہیں؟پاکستان کے غذائی بحران میں موسمیاتی تبدیلی کا کردار بھی مسلسل بڑھ رہا ہے کبھی سیلاب کبھی خشک سالی کبھی غیر معمولی بارشیں اور کبھی شدید گرمی کسان پہلے ہی مہنگے بیج کھاد ڈیزل اور بجلی کے مسائل سے دوچار ہے، اب اسے موسم کی غیر یقینی صورتحال کا سامنا بھی ہے 2022 کے تباہ کن سیلاب اور 2025 کے مون سون کے نقصانات نے زرعی شعبے اور دیہی آبادیوں کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ فصلیں تباہ ہوں تو کسان کی آمدنی متاثر ہوتی ہے، مویشیوں کا نقصان ہو تو دیہی معیشت کمزور ہوتی ہے اور جب منڈی میں رسد کم ہوتی ہے تو خوراک کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں یوں موسمیاتی تبدیلی کا بوجھ بالآخر عام صارف کو بھی اٹھانا پڑتا ہےاب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کلائمیٹ اسمارٹ ایگریکلچر کو قومی ترجیح بنائے۔ کم پانی میں زیادہ پیداوار دینے والے بیج، جدید آبپاشی، ڈرپ اریگیشن، زرعی تحقیق، فصلوں کی انشورنس اور پانی کے مؤثر استعمال پر سرمایہ کاری کی جائےچھوٹے کسانوں کو آسان قرضے، معیاری بیج، سستی کھاد اور جدید زرعی سہولتیں فراہم کرنا بھی ناگزیر ہے۔ کسان کو اس قابل بنایا جائے کہ وہ اپنی پیداوار مناسب قیمت پر فروخت کر سکے اور صارف کو بھی خوراک مناسب قیمت پر دستیاب ہو۔ اس کے لیے زرعی منڈیوں میں اصلاحات ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور سپلائی چین کی بہتری ضروری ہے ایک اور اہم مسئلہ دالوں اور خوردنی تیل کی درآمدات پر ہمارا انحصار ہے۔ پاکستان کو چاہیے کہ ان اجناس کی مقامی پیداوار بڑھانے کے لیے خصوصی زرعی منصوبے شروع کرے ہر سال درآمدات پر بھاری زرمبادلہ خرچ کرنے کے بجائے مقامی کسان کو ایسی سہولتیں دی جائیں کہ وہ ملکی ضروریات پوری کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکے لیکن غذائی تحفظ صرف زراعت یا خوراک کی وزارت کا معاملہ نہیں یہ قومی سلامتی معاشی استحکام اور انسانی ترقی سے جڑا ہوا مسئلہ ہے اس حوالے سے پارلیمان کا کردار بھی انتہائی اہم ہےقومی اسمبلی اور سینیٹ کی متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو چاہیے کہ وہ غذائی عدم تحفظ، بچوں کی غذائیت، زرعی پیداوار اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر باقاعدہ نگرانی کریں۔ ہر سال پارلیمان کے سامنے یہ رپورٹ پیش ہونی چاہیے کہ کتنے خاندان غذائی عدم تحفظ سے نکلے، کتنے بچے غذائیت حاصل کرنے کے قابل ہوئے اور کسان کی آمدنی میں کتنا اضافہ ہواکم آمدنی والے خاندانوں کے لیے غذائی واؤچرز، سرکاری اسکولوں میں غذائیت سے بھرپور کھانے، حاملہ خواتین کے لیے خصوصی غذائی سہولتیں اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کے لیے مؤثر غذائی پروگرام شروع کیے جانے چاہئیں۔ ان منصوبوں کو سیاسی تشہیر کے بجائے قومی انسانی ترقی کی سرمایہ کاری سمجھنا ہوگا۔یہاں ایک بنیادی سوال حکمرانوں کے سامنے رکھنا ضروری ہے کیا ہم صرف اس بات پر مطمئن ہو جائیں کہ ملک میں گندم اور چاول کی پیداوار ہو رہی ہے، یا یہ بھی دیکھیں گے کہ عام آدمی ان اجناس کو خریدنے کی استطاعت رکھتا ہے یا نہیں؟پاکستان کو اپنی معاشی ترجیحات کا مرکز عام شہری کو بنانا ہوگا ترقی صرف جی ڈی پی کی شرح، زرمبادلہ کے ذخائر، سڑکوں اور منصوبوں کا نام نہیں ترقی اس وقت ہوتی ہے جب ایک مزدور اپنے بچوں کو مناسب خوراک فراہم کر سکے ایک ماں اپنے بچے کی غذائیت کے بارے میں پریشان نہ ہو اور ایک کسان اپنی محنت کا مناسب معاوضہ حاصل کر سکے ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ بھوک ہمیشہ اس وقت پیدا نہیں ہوتی جب گودام خالی ہوں کبھی گودام بھرے ہوتے ہیں بازاروں میں خوراک دستیاب ہوتی ہے، لیکن خریدار کی جیب خالی ہوتی ہے۔ ایسی صورتحال میں مسئلہ پیداوار کا نہیں بلکہ قوتِ خرید، معاشی ناہمواری اور حکومتی ترجیحات کا ہوتا ہے پاکستان کو صرف خوراک پیدا کرنے والا ملک نہیں بلکہ ہر شہری کو باعزت، سستی اور متوازن خوراک فراہم کرنے والا ملک بننا ہوگا آخر میں بات صرف اتنی سی ہے کہ کسی ملک کی اصل خوشحالی اس کے گوداموں میں محفوظ گندم، چاول اور مکئی کے ذخائر سے نہیں ناپی جاتی بلکہ اس بات سے ناپی جاتی ہے کہ اس ملک کے کتنے بچے صحت مند ہیں کتنے خاندان مطمئن ہیں اور کتنے گھروں کے دسترخوان آباد ہیں کیونکہ ریاست کی سب سے بڑی کامیابی یہ نہیں کہ اس کے گودام اناج سے بھرے ہوں، بلکہ یہ ہے کہ اس کے کسی شہری کا بچہ بھوکا نہ سوئے۔








