مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14 سالہ فلسطینی لڑکا شہید، والد گرفتار

نابلس: مقبوضہ مغربی کنارے کے گاؤں برقہ میں اسرائیلی فوج کی کارروائی کے دوران فائرنگ سے 14 سالہ فلسطینی لڑکا شہید اور دو دیگر نوجوان زخمی ہوگئے۔فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی فوج نے شہید لڑکے کی لاش بھی اپنے قبضے میں رکھی ہوئی ہے۔ فلسطینی وزارتِ صحت نے منگل کو شہید ہونے والے لڑکے کی شناخت معتز ایاد دغلس کے نام سے کی۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں 17 سالہ نوجوان شامل ہے جسے پیٹ اور کولہے میں گولیاں لگیں، جبکہ 19 سالہ نوجوان ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔اسرائیلی فوج نے برقہ میں فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوجیوں نے اسرائیلی گاڑیوں پر پتھر پھینکنے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں کو روکنے کے لیے گولیاں چلائیں۔اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق اس کے اہلکاروں نے خطرے کو ختم کرنے کے لیے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد کو گولیاں لگنے کی تصدیق ہوئی ہے۔دوسری جانب وفا نے رپورٹ کیا کہ اسرائیلی فوج نے شہید لڑکے کے والد کو حراست میں لیا اور زخمیوں تک ایمبولینس کو پہنچنے سے روکا۔ رپورٹ کے مطابق علاقے میں کام کرنے والے فلسطینی ہلالِ احمر کے تین رضاکار طبی کارکنوں کو بھی کچھ وقت کے لیے حراست میں رکھا گیا۔اقوام متحدہ نے 7 اکتوبر 2023 کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد اور حملوں کو غیر معمولی سطح تک پہنچنے والا قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق اس تاریخ سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں کم از کم 1143 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں 250 بچے بھی شامل ہیں۔ اس تعداد میں اسرائیلی آبادکاروں کے ہاتھوں مارے جانے والے فلسطینی بھی شامل ہیں۔








