ڈبلیو ڈبلیو ای لیجنڈ تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل

ورلڈ ریسلنگ انٹرٹیمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے لیجنڈ رِک فلیئر کو فلوریڈا میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر اچانک گرنے کے بعد فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔یہ تشویش ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب 77 سالہ رِک فلیئر نے چند گھنٹے قبل ہی انکشاف کیا تھا کہ ان کے خون میں لوتھڑے (بلڈ کلاٹ) کی نشان دہی کی گئی ہے۔ٹی ایم زیڈ کے مطابق ٹمپا میں ایک ریسٹورنٹ کے باہر گرنے کے بعد ایمرجنسی سروسز کے عملے نے رِک فلیئر کو طبی امداد فراہم کی۔16 مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے والے رِک فلیئر کو اسٹریچر پر ڈال کر ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ذرائع کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیم میں دو مرتبہ شامل کیے جانے والے ریسلر اس وقت واگاماما نامی ریسٹورنٹ میں موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ بار سے اٹھے، اپنا موبائل فون اور مشروب وہیں چھوڑا اور سڑک پار کرنے کے لیے چل پڑے۔بعد ازاں سابق ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن اچانک ریسٹورنٹ کے باہر گر پڑے جس کے نتیجے میں ان کے چہرے پر چوٹیں آئیں۔








