Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

مریم اورنگزیب کی چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن سے ملاقات، پاک چین تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور ( آصف اقبال ) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن سے ملاقات کی، جس میں پاک چین دوستی، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، معاشی ترقی، امن و امان، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ماحولیاتی تحفظ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ خاندان سے خاندان اور نسل در نسل محبت، اعتماد اور دوستی کے مضبوط رشتے کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے سی پیک کو دونوں ممالک کی دوستی کا تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت نے اس منصوبے کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صوبے میں 2029 تک کاروبار دوست معاشی تبدیلی لانے کے لیے جامع حکمت عملی پر کام جاری ہے، جس کا مقصد برآمدات میں اضافہ، ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چین کے تعاون سے اگلے سال بین الاقوامی سطح کی ایئر کوالٹی کانفرنس منعقد کی جائے گی، جبکہ پنجاب میں فضائی معیار کی نگرانی کے اسٹیشنز کی تعداد 69 تک بڑھا دی گئی ہے اور اسے 100 تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ بیجنگ کے کامیاب تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے پنجاب میں اسموگ کے خاتمے کے لیے سال بھر اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں ماحول دوست ٹیکنالوجی، فضائی آلودگی کی مؤثر نگرانی اور زرعی شعبے میں جدید طریقوں کا استعمال شامل ہے۔ سپر سیڈرز اور بیلرز کے ذریعے فصلوں کی باقیات جلانے کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے، جبکہ زرعی باقیات کو معاشی وسائل میں تبدیل کرنے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں گرین انرجی اور الیکٹرک موبیلٹی کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں اور طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس کی فراہمی ماحول دوست سفری سہولتوں کی جانب اہم قدم ہے۔مریم اورنگزیب کے مطابق لاہور، ملتان اور سرگودھا میں کینسر کے علاج کی سہولتوں کو بہتر بنانے اور ضلعی سطح پر کینسر مراکز کے قیام پر کام جاری ہے، جبکہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ ملاقات کے دوران چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے پاک چین تعاون کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پنجاب میں مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے تعاون اور حمایت کی یقین دہانی پر چینی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button