لاہور میں محفوظ بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو ہوگی، چھتوں پر ساڑھے تین فٹ حفاظتی دیواریں لازمی قرار

لاہور ( آصف اقبال ) سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت محفوظ بسنت 2027 کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کو بسنت منائی جائے گی، جبکہ شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے سخت حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ پتنگ بازی کے لیے استعمال ہونے والی تمام چھتوں پر 31 دسمبر 2026 تک کم از کم ساڑھے تین فٹ بلند مضبوط حفاظتی دیواریں تعمیر کی جائیں اور چھتوں، منڈیروں اور سیڑھیوں کی مرمت مکمل کی جائے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب نے واضح کیا کہ کسی بھی غیر محفوظ یا غیر مستحکم چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کو تمام چھتوں کا معائنہ کروانے اور غیر تسلی بخش حفاظتی انتظامات والی عمارتوں میں بسنت منانے پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چھت کی مضبوطی اور حفاظت کی ذمہ داری مالک مکان پر ہوگی، جبکہ چھتوں کے قریب موجود بجلی کی تاروں کو بھی بسنت سے قبل محفوظ بنانا لازم ہوگا۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ عمارت کو سیل کیا جا سکے گا۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ سٹی ٹریفک پولیس لاہور بسنت سے قبل 20 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر مفت حفاظتی راڈز نصب کرے گی۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس پتنگ اور ڈور کی مقررہ حدود کے مطابق تیاری، ترسیل اور فروخت کی نگرانی کریں گی۔ حکام کے مطابق 12، 13 اور 14 مارچ 2027 کے علاوہ پتنگ بازی پر پابندی برقرار رہے گی، جبکہ مقررہ تاریخوں سے پہلے یا بعد میں خلاف ورزی کرنے والوں کو پانچ سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی غیر محفوظ یا غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔








