مریم نواز، سعودی سفیر کی ملاقات؛ 500 ارب روپے سے زائد برآمدات بڑھانے پر اتفاق

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سعودی عرب کے نو تعینات سفیر ڈاکٹر راجح البقمی نے ملاقات کی، جس میں پاک سعودی تعلقات کے مزید استحکام، دفاعی تعاون، اقتصادی شراکت داری، سرمایہ کاری اور پنجاب سے سعودی عرب کو زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سعودی سفیر کا پُرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاک سعودی تعلقات کے فروغ کے لیے سعودی قیادت کی خدمات کو سراہا۔ملاقات میں لائیو اسٹاک، بیف، پولٹری، آم، کینو، آلو، جھینگوں، پھلوں اور سبزیوں سمیت پنجاب کی مختلف مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ ان شعبوں میں مجموعی برآمدات کا حجم 500 ارب روپے سے زائد تک لے جانے کے ہدف پر بھی گفتگو ہوئی۔ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ریاض میں سرمایہ کاری روڈ شو کے انعقاد کے امکانات کا جائزہ بھی لیا گیا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ خادمِ حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد پاکستان کے عوام کے دلوں میں خصوصی احترام رکھتے ہیں۔ سعودی قیادت اور محمد نواز شریف کے درمیان دہائیوں پر محیط تعلقات باہمی اعتماد اور برادرانہ دوستی کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی و مالی معاونت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو ترسیلاتِ زر بھیجنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت سعودی شہروں اور شہری انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی کوششیں ناقابلِ قبول ہیں۔ ان کے مطابق اگست 2026 میں طے پانے والا مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان اور پنجاب کے عوام سعودی عرب کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور مشترکہ اقتصادی طاقت، مشترکہ سلامتی کی ضمانت ہے۔مریم نواز شریف نے سعودی شہریوں کو پنجاب کے تاریخی ورثے، ثقافتی مقامات اور سیاحتی مراکز کی سیر کی دعوت بھی دی اور خادمِ حرمین شریفین اور ولی عہد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سعودی سفیر ڈاکٹر راجح البقمی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے، برادرانہ اور اسٹریٹجک تعلقات کو سراہتے ہوئے تمام شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے حکومتِ پاکستان، افواجِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔ڈاکٹر راجح البقمی نے پنجاب کے تاریخی ورثے اور ثقافتی روایات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مغلیہ یادگاروں سے لے کر زندہ روایات تک پنجاب اپنی منفرد کشش رکھتا ہے، جبکہ لاہور کی مہمان نوازی، لذیذ کھانے، گرم جوشی اور مہمانوں کا استقبال پاکستان اور بیرونِ ملک اپنی پہچان رکھتے ہیں۔



