سیلینا گومز کو نکوٹین نے کیا نقصان پہنچایا؟ گلوکارہ نے ویپنگ کرنے والوں کو خبردار کردیا

امریکی گلوکارہ اور اداکارہ سیلینا گومز نے اپنے مداحوں کو ویپنگ اور نکوٹین کے استعمال سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے تجربے میں نکوٹین نے ان کی آواز پر ایسا اثر ڈالا جسے بدلنا اب ان کے لیے ممکن نہیں لگتا۔34 سالہ فنکارہ نے انسٹاگرام اسٹوریز پر اس بارے میں بات کی اور اعتراف کیا کہ وہ ماضی میں کافی زیادہ نکوٹین ویپ کرتی رہی ہیں۔سیلینا نے کہا کہ نکوٹین کی عادت چھوڑنا بہت مشکل ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ جو لوگ اس لت سے نکلنے کی کوشش کررہے ہیں یا ویپنگ شروع کرنے کا سوچ رہے ہیں، وہ اس کے ممکنہ نقصانات کو سمجھیں۔ ان کے مطابق، یہ عادت ان کی آواز میں تبدیلی کا سبب بنی اور وہ اب اسے پہلے جیسا کرنے کے قابل نہیں ہیں۔اپنی آواز کے حوالے سے ہونے والی تنقید کا ذکر کرتے ہوئے گلوکارہ نے ہلکے پھلکے انداز میں کہا کہ اگر کسی کو ان کی آواز پسند نہیں تو وہ اسے نہ سنے، انہیں اس پر اعتراض نہیں۔ تاہم، ان کی بنیادی بات یہی تھی کہ نکوٹین کا استعمال ان کے لیے فائدہ مند ثابت نہیں ہوا اور وہ دوسروں کو اس سے بچنے کی ترغیب دینا چاہتی ہیں۔



