وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ شدت اختیار کرگیا، البانیہ میں پانچ روز سے ہنگامے، 167 افراد گرفتار

تیرانا: یورپی ملک البانیہ کے دارالحکومت تیرانا میں وزیراعظم ایڈی راما کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین اور پولیس کے درمیان مسلسل پانچویں روز بھی شدید جھڑپیں ہوئیں۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پہلی مرتبہ ربڑ کی گولیاں چلائیں، جبکہ واٹر کینن، آنسو گیس اور مرچوں کے اسپرے کا بھی استعمال کیا گیا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل سے جاری مظاہروں میں ہزاروں افراد شریک ہیں۔ مظاہرین یونیورسٹیوں کی صورت حال اور بھاری تعلیمی فیسوں پر احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم ایڈی راما سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ہفتے کو مظاہرین نے پولیس پر پتھر، دھاتی اشیا، آتش گیر بوتلیں اور آتش بازی کے آلات پھینکے۔ بعض مظاہرین نے گاڑیوں اور کوڑے دانوں کو آگ لگا کر سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردیں۔ پولیس کی کارروائی کے دوران تیرانا کی سڑکیں آنسو گیس اور دھویں سے بھر گئیں۔مظاہرین کی عارضی طبی امداد کیمپ چلانے والی نوجوان خاتون پاؤلا کے مطابق ربڑ کی گولیوں سے سر، آنکھوں اور ٹانگوں پر چوٹیں لگنے کے شبہے میں تین افراد کو طبی امداد دی گئی۔ البانیہ کے قانون کے تحت احتجاجی مظاہروں میں پولیس ربڑ کی گولیاں صرف انتہائی حالات میں استعمال کرسکتی ہے۔



