وزیراعلیٰ مریم نواز کا دورۂ ساہیوال، 5 ارب 61 کروڑ کے 4 میگا پراجیکٹس کا افتتاح

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورۂ ساہیوال کے موقع پر شہر کی سڑکوں، بازاروں اور مختلف مقامات پر شہریوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ کی آمد پر شہریوں، خواتین اور بچوں کا جوش و خروش نمایاں رہا۔ دورے کے دوران ساہیوال کے لیے مجموعی طور پر 5 ارب 61 کروڑ روپے کے چار میگا پراجیکٹس کا افتتاح اور آغاز کیا گیا، جن میں مریم نواز اسپورٹس ایرینا، ماڈل صدر بازار کی بیوٹیفکیشن، ماڈل ایگری کلچر مال اور ساہیوال عارف والا دو رویہ سڑک شامل ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساہیوال میں پہلے مریم نواز اسپورٹس ایرینا کا افتتاح کیا اور مختلف سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے گفتگو کی، آٹوگراف دیے اور تصاویر بنوائیں۔ کرکٹ ایرینا میں کھلاڑی سے بیٹ لے کر کرکٹ کھیلی جبکہ فٹ بال کو کک لگا کر کھیل کا آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ نے دیوارِ تشکر اور دیوارِ محبت کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی ان کے ہمراہ تھیں اور دونوں نے پارک میں بچوں کے ساتھ جھولوں سے لطف اٹھایا۔اسپورٹس ایرینا میں پیڈل کورٹ، کرکٹ ایرینا، فٹسال ایرینا، کیفے اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ شہریوں کے لیے آن لائن بکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ دن کے اوقات میں خواتین اور شام کے وقت مردوں کے لیے کھیلوں کی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔ کھلاڑیوں نے وزیراعلیٰ سے پوسٹرز، شرٹس، ریکٹس اور ہاتھوں پر آٹوگراف بھی حاصل کیے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ماڈل صدر بازار کے بیوٹیفکیشن منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔ ان کی آمد پر بازار میں شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ منصوبے کے تحت پہلی مرتبہ بجلی کے تاروں اور دیگر یوٹیلٹیز کی وائرنگ زیرِ زمین کی گئی ہے۔ بازار میں داخلی گیٹ، ٹف ٹائلز اور پیدل چلنے والوں کے لیے گزرگاہ بنائی گئی ہے، جبکہ خریداروں کی سہولت کے لیے بینچز، پلانٹرز اور ویسٹ بنز بھی نصب کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ساہیوال ماڈل ایگری کلچر مال کا باضابطہ افتتاح کیا اور پنجاب بھر میں مزید 10 ماڈل ایگری کلچر مال منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا۔ یہ منصوبے جھنگ، فیصل آباد، رینالہ خورد، خانیوال، جام پور، بورے والا، صادق آباد، مریدکے، پنڈی گھیب اور میانوالی میں قائم کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے ایگری کلچر مال میں موجود زرعی مشینری کا معائنہ کیا، جن میں سیڈر، سائیلج، ہارویسٹر، رائس مشینری، پلانٹر اور ڈرون اسپرے مشین شامل تھیں۔ انہوں نے وہاں موجود کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے منصوبے کے بارے میں دریافت کیا۔ ماڈل ایگری کلچر مال میں کاشتکاروں کو تصدیق شدہ کھاد، بیج اور پیسٹی سائیڈز ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گے۔ جدید زرعی آلات اور ڈرون ٹیکنالوجی کرائے پر حاصل کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔منصوبے میں کاشتکاروں کے لیے تربیتی پروگرام، پیسٹ، مٹی اور فصلوں کے انتظام سے متعلق زرعی ماہرین کی مشاورت، زرعی مداخل کی جانچ اور معیار کی تصدیق کے لیے کوالٹی کنٹرول و ٹیسٹنگ کی سہولتیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مالیاتی خدمات، کریڈٹ سپورٹ، نو دکانیں، مشینری ڈسپلے ایریا اور ٹریننگ ہال بھی قائم کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ساہیوال عارف والا 27 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک کے منصوبے کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا اور تختی کی نقاب کشائی کی۔ منصوبے کی تکمیل سے تین اضلاع کے لاکھوں شہریوں کو سفری سہولت میسر آنے کی توقع ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو سڑک کے منصوبے سمیت ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔دورے کے دوران سڑکوں کے اطراف شہریوں کی بڑی تعداد وزیراعلیٰ کے استقبال کے لیے موجود تھی۔ مریم نواز شریف ایک بزرگ خاتون کو دیکھ کر ان کے پاس پہنچیں اور انہیں گلے لگا لیا، جبکہ ایک کمسن بچے کی خواہش پر اس کے ساتھ سیلفی بھی بنوائی۔ ساہیوال کے ارکانِ اسمبلی نے عارف والا روڈ منصوبے کو اہم قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کے دورۂ ساہیوال میں کھیلوں، شہری خوبصورتی، زرعی سہولتوں اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق منصوبوں پر توجہ دی گئی۔ ان منصوبوں کا مقصد شہریوں، کھلاڑیوں اور کاشتکاروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔



