لندن: معروف گلوکاروں کے جعلی ریکارڈز بیچ کر لاکھوں کمانے والے شخص کو تین سال کی جیل

برطانیہ میں معروف عالمی گلوکاروں کے نام پر جعلی ونائل ریکارڈز تیار کر کے لاکھوں پاؤنڈ کمانے والے شخص کو عدالت نے ساڑھے 3 سال قید کی سزا سنا دی۔40 سالہ ریحان احمد پر الزام تھا کہ اس نے دی بیٹلز، ٹیلر سوئفٹ، ایڈ شیرن، ایڈیل، آریانا گرانڈے، ڈریک، بیونسے اور ریحانہ سمیت 108 سے زائد فنکاروں کی موسیقی کے جعلی ریکارڈز تیار کر کے فروخت کیے۔برطانوی حکام کے مطابق ملزم نے تقریباً 7 سال تک یہ غیر قانونی کاروبار چلایا اور اس دوران 27 لاکھ پاؤنڈ سے زائد منافع کمایا۔معاملہ اس وقت سامنے آیا جب میوزک انڈسٹری کے نمائندوں نے خفیہ طور پر اس کے گودام سے ریکارڈ خریدے اور جانچ کے دوران ان کے جعلی ہونے کا انکشاف ہوا۔بعدازاں پولیس نے لندن کے علاقے ایکٹن میں واقع گودام پر چھاپہ مار کر 2 ہزار 791 جعلی ونائل ریکارڈز برآمد کیے، جسے برطانوی پولیس نے ایک کارروائی میں جعلی ونائل ریکارڈز کی ملک کی سب سے بڑی برآمدگی قرار دیا۔



