فلم و ٹی وی کے نامور اداکار شجاعت ہاشمی انتقال کر گئے

فلم و ٹی وی کے نامور اداکار شجاعت ہاشمی لاہور میں انتقال کر گئے۔شجاعت ہاشمی کے اہلخانہ کے مطابق وہ کچھ عرصے سے علالت کے باعث زیر علاج تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج رات 9 بجے جامعہ نعیمیہ میں ادا کی جائے گی۔اداکار شجاعت ہاشمی نے کئی دہائیوں تک شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے، وہ پاکستان ٹیلی ویژن کے سنہری دور کے نمایاں اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ڈرامہ سیریل وارث میں مولاداد کے کردار نے شجاعت ہاشمی کو گھر گھر مقبول بنا دیا تھا۔شجاعت ہاشمی نے 1970 کی دہائی میں اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور اپنے فنی کیریئر کا آغاز پی ٹی وی کے ڈرامے ’کہر‘ سے کیا۔ان کی پہلی پنجابی فلم چھڈ برے دی یاری 1975 میں ریلیز ہوئی۔ 1979 کی فلم خاک اور خون میں شجاعت ہاشمی نے مرکزی کردار ادا کیا۔فلم وڈا خان اور دو ضدی میں شجاعت ہاشمی کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔ شجاعت ہاشمی نے متعدد پنجابی اور اردو فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔شجاعت ہاشمی نے فلم اور ٹی وی دونوں شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔اداکاری کے شعبے میں خدمات پر شجاعت ہاشمی کو 1994 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔



