دلجیت دوسانجھ کا نصرت فتح علی خان کو شاندار خراجِ تحسین، ’سانسوں کی مالا‘ پر پرفارمنس وائرل

بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے عالمی شہرت یافتہ پاکستانی قوال استاد نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کر کے پاکستانی مداحوں کے دل جیت لیے۔ایک بین الاقوامی کنسرٹ کے دوران دلجیت دوسانجھ نے ہزاروں افراد کے سامنے نصرت فتح علی خان کا مقبول کلام ’سانسوں کی مالا‘ پیش کیا، جس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔پرفارمنس کے دوران بڑی تعداد میں موجود شائقین بھی دلجیت کے ساتھ جھومتے اور کلام سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے۔سوشل میڈیا پر پاکستانی اور بھارتی صارفین نے دلجیت دوسانجھ کے اس انداز کو خوب سراہا۔ متعدد صارفین نے اسے سرحدوں سے بالاتر موسیقی اور محبت کی خوبصورت مثال قرار دیا۔ واضح رہے کہ استاد نصرت فتح علی خان کو دنیا بھر میں قوالی اور صوفی موسیقی کے عظیم ترین فنکاروں میں شمار کیا جاتا ہے اور ان کے انتقال کے تقریباً تین دہائیوں بعد بھی ان کی موسیقی نئی نسل میں یکساں مقبول ہے۔



