شمالی کوریا کے سربراہ کا پارٹی حکام کو نئی اسنائپر رائفل کا تحفہ

سیول:شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے پارٹی اور فوجی حکام کو علامتی تحفے کے طور پر نئی سنائپر رائفلیں پیش کی ہیں۔شمالی کوریا کی سرکاری میڈیا ‘کے سی این اے’ کے مطابق ہفتے کے روز جاری بیان میں کم جونگ ان نے ان رائفلوں کو ایک "شاندار ہتھیار” اور اپنے اعتماد کی علامت قرار دیتے ہوئے پارٹی اور فوجی حکام کو نئی سنائپر رائفلیں پیش کی ہیں۔رپورٹ کے مطابق کم جونگ ان نے جمعہ کو ورکرز پارٹی آف کوریا کے ہیڈ کوارٹر میں اہم رہنماؤں اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی اور ہر ایک کو ملک کی اکیڈمی آف ڈیفنس سائنس کی تیار کردہ نئی نسل کی رائفلیں پیش کیں۔یہ تحائف پارٹی کی نویں کانگریس کے موقع پر دیے گئے۔ انعام حاصل کرنے والوں میں سینٹرل ملٹری کمیشن کے اراکین، کورین پیپلز آرمی کے سینیئر کمانڈرز اور گارڈ یونٹس شامل تھے۔ان میں کم جونگ ان کی ہمشیرہ ‘کم یو جونگ’ بھی شامل تھیں، جنہیں پہلی بار سرکاری طور پر پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی ڈائریکٹر کے طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں کم جونگ ان کی کم عمر بیٹی ‘جو اے’ کو بھی تقریب میں شرکت کرتے اور فائرنگ رینج میں رائفل سے نشانہ باندھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔یاد رہے کہ جو اے حالیہ عرصے میں اپنے والد کے ساتھ ہتھیاروں کے معائنے سمیت مختلف اہم دوروں پر مسلسل نظر آ رہی ہیں، جس سے تجزیہ کاروں میں یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ انہیں ملک کی چوتھی نسل کی قیادت کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔



