بیرونِ ملک پاکستانیوں کیلئے سفارتخانوں کی سہولیات مزید بہتر بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد( آصف اقبال )وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو سفارتخانوں میں بہتر سہولیات کی فراہمی، دستاویزات کے تصدیقی عمل کی ڈیجیٹائزیشن، شکایات کے نظام کو آسان بنانے اور بیرونِ ملک سے پاکستان میں مختلف سرکاری امور و ادائیگیوں کیلئے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وزارتِ خارجہ، مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء، وزارتِ داخلہ، ایف آئی اے، وزارتِ آئی ٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی سہولت کیلئے پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت اور دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو آسان بنانے کیلئے کیو آر (QR) کوڈ متعارف کرا دیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ شکایات کے اندراج کیلئے کیو آر کوڈ تمام پاکستانی سفارتخانوں میں نمایاں طور پر آویزاں کیا جائے اور اس حوالے سے خصوصی آگاہی مہم بھی چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزارتِ خارجہ کے اسلام آباد دفتر میں شام کی شفٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ دستاویزات کی تصدیق کی سہولت آسان خدمت مرکز اسلام آباد میں بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ کورئیر کے ذریعے تصدیق کی سہولت کے ساتھ ہائر ایجوکیشن کمیشن، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن، نادرا اور نیشنل پولیس بیورو کے ڈیٹا بیس سے نظام کو منسلک کر دیا گیا ہے، جس سے تصدیقی عمل مزید تیز اور مؤثر ہو گیا ہے۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اپوسٹائل نظام کے تحت تصدیقی عمل کو ون اسٹپ بنا دیا گیا ہے، جبکہ پورے نظام کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کیلئے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) کے تعاون سے موبائل ایپلی کیشن تیار کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے برتھ، ڈیتھ، میرج اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس سمیت مختلف دستاویزات کی آن لائن تصدیق ممکن ہو سکے گی۔اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیرِ مملکت عون چوہدری، معاونِ خصوصی طارق باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔



