بین الاقوامی
برازیل کے سابق صدر بولسونارو بغاوت کے الزام میں مجرم قرار، 27 سال قید کی سزا

برازیل: سپریم کورٹ نے سابق صدر جائر بولسونارو کو بغاوت کی سازش کا مجرم قرار دیتے ہوئے 27 سال اور 3 ماہ قید کی سزا سنادی۔پانچ رکنی بینچ میں سے چار ججز نے سزا کے حق میں فیصلہ دیا جبکہ ایک جج نے بولسونارو کو تمام الزامات سے بری کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔گھر میں نظر بند بولسونارو عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ ان کے وکیل نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس مقدمے کی سماعت 11 رکنی فل کورٹ کرے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بولسونارو کی سزا کو "مایوس کن” قرار دیا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ برازیلین سپریم کورٹ کا فیصلہ غیر متوقع ہے۔فیصلے کے بعد برازیل کے متعدد شہروں میں بولسونارو کے حق میں مظاہرے شروع ہوگئے۔ یاد رہے کہ بولسونارو پر 2022 کے الیکشن کے بعد اقتدار پر قبضے کی کوشش کا الزام تھا۔