آئی سی سی کی نئی ٹی 20 رینکنگ: پاکستانی کھلاڑیوں کی بڑی چھلانگ

آئی سی سی نے ٹی 20 اور ٹیسٹ کی تازہ رینکنگ جاری کردی۔پاکستانی کھلاڑیوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد ٹی 20 انٹرنیشنل رینکنگ میں نمایاں ترقی حاصل کرلی۔مڈل آرڈر بیٹر حسن نواز 24 درجے بہتری حاصل کرکے 30 ویں، صائم ایوب 25 درجے ترقی کے ساتھ 37 ویں اور صاحبزادہ فرحان 34 درجے بہتری کے ساتھ 63 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔کپتان سلمان علی آغا 15 درجے بہتری کے ساتھ 76 ویں اور تجربہ کار بیٹر فخر زمان 3 درجے ترقی کے ساتھ 78 ویں نمبر پر آ گئے۔دوسری جانب سینیئر کھلاڑی بابر اعظم اور محمد رضوان جو 2024 سے ٹی 20 انٹرنیشنلز میں ایکشن میں نہیں رہے، تین تین درجے تنزلی کے بعد بالترتیب 17ویں اور 19ویں پوزیشن پر آگئے۔وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث جو دورہ ویسٹ انڈیز میں متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے، 21 درجے نیچے جا کر 86 ویں نمبر پر چلے گئے۔بھارت کے ابھیشک شرما بیٹنگ میں پہلے نمبر پر ہیں، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ دوسرے اور بھارت کے تلک ورما تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔بولنگ رینکنگ میں کسی پاکستانی کھلاڑی کا ٹاپ 20 میں نام شامل نہیں۔ فاسٹ بولر حارث رؤف بدستور 26 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ عباس آفریدی تین درجے نیچے جا کر 27 ویں پوزیشن پر آ گئے۔