ایڈ بلاکر استعمال کرنے والے صارفین کو یوٹیوب استعمال کرنے میں مسئلہ
کیلیفورنیا: ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے ایڈ بلاک استعمال کرنے والے افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید شدید کر دیا ہے۔انٹرنیٹ صارفین عموماً یوٹیوب پر ویڈیو کے دوران بار بار چلنے والے اشتہارات سے بچنے کے لیے ایڈ بلاکرز کا استعمال کرتے ہیں۔ یوٹیوب کی جانب سے گزشتہ چند ماہ ایڈ بلاکر استعمال کرنے والے صارفین کے خلاف کریک ڈاؤن کا انتباہ جاری کیا جا رہا ہے۔سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ریڈِٹ پر ایڈ بلاکر استعمال کرنے والے صارفین نے یوٹیوب استعمال کرتے وقت پیش آنے والے عجیب وقوعات کے متعلق بتایا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ فعال ایڈ بلاکر کے ساتھ ویڈیو دیکھنے پر یا تو ویڈیو شروع ہوتے ہی ختم ہوگئی یا پھر اس کی آواز بند ہوگئی۔پلیٹ فارم پر ایک صارفین نے لکھا کہ وہ جب بھی یوٹیوب کے لیے ایڈ بلاکر استعمال کرتے ہیں تو ویڈیو کی آواز نہیں ہوتی۔ سلائیڈر کی مدد سے ایک سیکنڈ کے لیے تو آواز کھل جاتی ہے لیکن پھر بند ہوجاتی ہے۔ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ اگر وہ ایڈ بلاکر کے ساتھ ویڈیو چلانے کی کوشش کرتے ہیں تو پہلے سیکنڈ تو آواز ہوتی ہے لیکن بعد ازاں ویڈیو کی آواز بند ہوجاتی ہے۔واضح رہے یوٹیوب نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ کمپنی ان تھرڈ پارٹی ایپس کے خلاف اقدامات لے گی جو پلیٹ فارم پر چلنے والے اشتہارات کو روکتے ہیں۔