سائنس دانوں نے نئی قسم کی اسٹوریج ایجاد کرلی

سائنس دانوں نے ایک نئی قسم کی اسٹوریج ایجاد کی ہے جس کے متعلق خیال کیا جا رہا ہے کہ انسانی تاریخ کو بدل کر رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔سائنس دانوں کے مطابق یہ اسٹوریج معلومات کو انکوڈ کرنے کے لیے لیزر موڈیفائیڈ گلاس استعمال کرتا ہے جس کے بعد یہ معلومات 10 ہزار برس سے زیادہ عرصے تک محفوظ رہ سکے گی۔دنیا اس وقت ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ معلومات پیدا کر رہی ہے لیکن ان معلومات کو ذخیرہ کرنا کافی مشکل ثابت ہوا ہے۔ کمپیوٹر میں موجود ہارڈ ڈسک نسبتاً جلدی خراب ہوتی ہیں جس سے بڑی مقدار میں معلومات کے ضائع ہونے کا ڈر رہتا ہے۔محققین نے بتایا کہ ماضی میں یہ سمجھا جاتا تھا کہ شیشے میں معلومات رکھنا مستقبل کے لوگوں کے لیے اس کو رکھنے کا کارگر طریقہ ثابت ہوسکتا ہے۔ لیکن اب تک شیشے پر ڈیٹا چھاپنا یا اس سے حاصل کرنا ناممکن ثابت ہوا تھا۔اب مائیکرو سافٹ کے سائنس دان ’پروجیکٹ سِلیکا‘ نامی ایک منصوبے پر کام کر رہے ہیں جس میں ایک خاص لیزر استعمال کرتے ہوئے ڈیٹا محفوظ کرنے کا ایک طریقہ ڈھونڈا لیا گیا ہے۔



