آئی فون 18 سے متعلق اہم معلومات لیک!

ایپل کے اگلے فلیگ شپ فون کی لانچ ابھی کئی ماہ دور ہے، لیکن ڈیوائس سے متعلق لیکس نے ابھی سے ہی بازار گرم کر دیا ہے۔آئیے جانتے ہیں آئی فون 18 پرو میکس سے متعلق کیا افواہیں سامنے آئی ہیں۔
ڈیزائن میں بڑی تبدیلی نہیں
آئی فون 17 غیر معمولی طور کامیاب ثابت ہوا۔ ویبو کے معروف لیکر ’فکسڈ فوکس ڈیجیٹل‘ (جن کا ایپل سے متعلق اندازوں کا ریکارڈ فوربز کے مطابق خاصا مستند ہے) کا کہنا ہے کہ آئی فون 17 کی کمرشل کامیابی پر ایپل اندرونی طور پر ’جشن‘ منا رہا ہے۔ اسی لیے امکان ہے کہ آئی فون 18 سیریز کے ڈیزائن میں کوئی ڈرامائی تبدیلی نہیں ہوگی، جبکہ اصل اپ گریڈ اے 20 اور اے 20 پرو پروسیسرز ہوں گے۔
اسکرین سائز بھی وہی رہنے کی توقع ہے، اور پرو میکس ماڈل 6.9 انچ ڈسپلے کے ساتھ برقرار رہے گا۔
البتہ چند ہلکی مگر نمایاں تبدیلیوں کے امکانات ہیں:
بیک گلاس پر ہلکا سا شفاف (ٹرانسپیرنٹ) فنش
زیادہ یکساں ڈیزائن، ممکن ہے آئی فون 17 پرو کی متنازعہ ٹو ٹون بیک ختم کر دی جائے
تین نئے رنگ: کافی براؤن، پرپل اور برگنڈی
فیس آئی ڈی اسکرین کے نیچے
یہ وہ تبدیلی ہے جس نے سب سے زیادہ دلچسپی پیدا کی ہے۔ بلومبرگ کے مارک گرمن اور ’دی انفارمیشن‘ دونوں کے مطابق آئی فون 18 پرو اور پرو میکس میں انڈر ڈسپلے فیس آئی ڈی دی جائے گی۔ یعنی سینسرز اسکرین کے نیچے کسی نمایاں کٹ آؤٹ کے بغیر ہوں گے۔
فرنٹ کیمرا بھی ممکنہ طور پر اسکرین کے اوپری بائیں کونے میں منتقل کر دیا جائے گا، جس سے سامنے کا پینل زیادہ صاف اور بغیر خلل کے دکھائی دے گا۔



