گروک کے حفاظتی اقدامات پر سوالات، انڈونیشیا، ملائیشیا میں پابندی، برطانیہ کی دھمکی

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے اے آئی چیٹ بوٹ گروک کے حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں اور اسی کی بنا پر انڈونیشیا اور ملائیشیا میں پابندی عائد کردی گئی ہے اور برطانیہ نے بھی اسی طرح کی پابندیوں کی دھمکی دے دی ہے۔غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنسی ڈیپ فیک کے عمل پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے انڈونیشیا اور ملائیشیا میں صارفین کے لیے گروک تک رسائی بند کر دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اےآئی چیٹ بوٹ کے حفاظتی انتظامات مؤثر نہیں تھے اسی لیے دونوں ممالک نے عارضی پابندیاں نافذ کی ہیں جو اس وقت تک برقرار رہیں گی جب تک ایکس اے آئی ریگولیٹرز کے مطالبات کے مطابق حفاظتی اقدامات نافذ نہیں کرتا۔انڈونیشیا کی وزیرِ مواصلات اور ڈیجیٹل امور میوتیا حافظ نے بیان میں کہا کہ حکومت غیر رضامندی پر مبنی جنسی ڈیپ فیکس کے عمل کو انسانی حقوق، وقار اور ڈیجیٹل فضا میں شہریوں کی سلامتی کی سنگین خلاف ورزی سمجھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا میں انٹرنیٹ مواد سے متعلق سخت سنسرشپ قوانین نافذ ہیں، جو ایسے مواد کو کنٹرول کرتے ہیں جسے فحش قرار دیا جاتا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملائیشیا نے حال ہی میں ایکس پر مصنوعی ذہانت کے ٹولز کے غلط استعمال کی تحقیقات شروع کی تھیں، جو ریگولیٹرز کی جانب سے کیے گئے مداخلتی اقدامات کا حصہ ہے، یہ تحقیق بھارت کی وزارت آئی ٹی کے اس نوٹس کے فوراً بعد سامنے آئی، جس میں ایکس کو گروک کے مبینہ غلط استعمال پر فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی تھی۔



