کائنات کی ابتداء میں بننے والی گیس کے انتہائی گرم مجموعہ کا مشاہدہ

سائنس دانوں نے خلا میں گیس کے ایک انتہائی گرم مجموعے کی نشان دہی کی ہے جس سے متعلق ان کا خیال تھا کہ اس کو اس جگہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔گیس کا یہ مجموعہ کائنات کی ابتدائی دور (بِگ بینگ کے 1 ارب 40 کروڑ برس بعد) میں دریافت ہوا ہے جو محققین کی توقعات سے زیادہ گرم ہے۔یہ اتنا حیران کن ہے کہ محققین شروع شروع اس کے مشاہدے کو غلطی سمجھے تھے۔یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا سے تعلق رکھنے والے ڈاژی ژو نے بتایا کہ سائنس دانوں کو توقع نہیں تھی کہ کائنات کے ابتدائی دور میں وہ کوئی شدید گرم کلسٹر دیکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے ان کو اس سگنل پر شک تھا۔ لیکن مہینوں تک کی جانے والی تصدیق کے بعد اس بات کو قبول کر لیا گیا کہ یہ گیس توقع سے کم از کم پانچ گُنا زیادہ گرم ہے۔ یہ توانائی آج دریافت ہونے والے کلسٹرز سے زیادہ ہے۔سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ ابتدائی کائنات میں کوئی شے (ممکنہ طور پر تین عظیم الجثہ بلیک ہولز جو کلسٹر میں پائے گئے تھے) اس کلسٹر کے اطراف میں گرم ہوا بھر رہی تھی۔ ان کا نہیں خیال تھا کہ کائنات کے ابتدائی دور میں اتنی طاقتور شے موجود ہوگی۔



