اویس منیر بھارتی کیوئسٹ کو ہرا کر ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے اویس منیر نے بھارت کے سابق عالمی چیمپئن پنکج ایڈوانی کو شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے جگہ بنالی ہے ۔ ایونٹ میں پاکستان کے دوسرے کیوئسٹ نسیم اختر نے بھی ٹاپ 8 کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔دوحا میں ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے راؤنڈ آف 16 میں اویس منیر نے سابق عالمی چیمپئن پنکج ایڈوانی کو چار ۔ دو سے شکست دی ۔ دونوں کے درمیان ابتدا میں اچھا مقابلہ ہوا اور بیسٹ آف سیون کا یہ معرکہ ایک موقع پر دو ۔ دو سے برابر تھا ۔ اویس منیر نے پنکج کے خلاف پانچویں فریم میں 112 کا بریک بھی کھیلا اور برتری حاصل کی جبکہ چھٹے فریم میں بھی انہوں نے شاندار کنٹرول کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی۔ ایونٹ میں شریک پاکستان کے دوسرے کھلاڑی نسیم اختر نے بھی کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔نسیم اختر نے ہانگ کانگ کے چاو ہو مان کو سنسنی خیر مقابلے میں چار – تین سے شکست دی ۔ مقابلہ تین ۔ تین سے برابر ہونے کے بعد نسیم اختر نے فیصلہ کن فریم میں 94 کا بریک کھیلتے ہوئے حریف کو آؤٹ کلاس کردیا۔