ذاتی زندگی میں مشکلات سے نمٹنے کے بعد ثناء نواز کا شوبز میں واپسی کا اعلان

معروف پاکستانی فلم و ٹی وی اداکارہ ثناء نواز نے اپنی ذاتی زندگی کے مشکل دور کے بعد شوبز میں واپسی کا اعلان کر دیا ہے۔اداکارہ ثناء جنہیں لوگ ثنا فخر کے نام سے جانتے ہیں، نے 2000 کی دہائی میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور جلد ہی فلم انڈسٹری میں اپنی جگہ بنا لی۔ بعد ازاں انہوں نے ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کیا اور خوب شہرت سمیٹی۔حالیہ دنوں میں ثنا کی ذاتی زندگی میں شدید مشکلات پیش آئیں اور انہوں نے شوہر فخر سے طلاق لے لی۔ ثنا اور فخر کے 2 بیٹے بھی ہیں۔ طلاق کے بعد ثناء نواز برطانیہ منتقل ہو گئیں ہیں جہاں وہ کچھ پاکستانی منصوبوں پر بھی کام کریں گی۔ایک حالیہ تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثناء نواز نے بتایا کہ وہ کئی سالوں سے کام کر رہی ہیں لیکن ذاتی مصروفیات کے باعث کچھ عرصہ پروجیکٹس سے دور تھیں تاہم اب وہ دوبارہ اسکرپٹس پڑھ رہی ہیں اور جلد ٹی وی پر واپسی کریں گی۔ثناء نواز نے ایک بھارتی مداح سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ فنکار سرحدوں کے پابند نہیں ہوتے۔ ان کے مطابق فنکاروں کا اصل مقام لوگوں کے دل ہوتے ہیں اور ان کا کام ہر جگہ سراہا جا سکتا ہے۔