ٹی 20ورلڈکپ: رواں ایونٹ کا بڑا اپ سیٹ، زمبابوے نے آسٹریلیا کو شکست دے دی

ٹی 20ورلڈکپ کے انیسویں میچ میں زمبابوے نے آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دے کر اپ سیٹ کردیا۔کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں زمبابوین پیس بیٹری نے آسٹریلوی ٹیم کو 170 رنز کا ہدف حاصل کرنے نہ دیا۔آسٹریلوی ٹیم 19.3 اوورز میں 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ میتھیو رینشا 65، گلین میکسویل 31 اور کپتان ٹریوس ہیڈ 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ان کے علاوہ دیگر آٹھ بلے باز ڈب فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ مزارابانی نے 17 رنز کے عوض 4 اور بریڈ ایونز نے 23 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔بلیسنگ مزارابانی کی 17 رنز کے عوض 4 وکٹیں زمبابوے کی جانب سے نہ صرف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا بہترین فیگر ہے بلکہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں کسی بھی فل ممبر ٹیم کے خلاف بھی سب سے بہترین بولنگ ہے۔بلیسنگ مزارابانی نے اس میچ میں اپنی 100ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹ بھی حاصل کی۔اس سے قبل آسٹریلوی کپتان ٹریوس ہیڈ نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔زمبابوے کے اوپنرز نے 61 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا تھا۔ مارومانی 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔بعد ازاں دوسری وکٹ پر برائن بینیٹ اور رائن برل کے درمیان 70 رنز کی شراکت قائم ہوئی تھی۔ 131 کے مجموعی اسکور پر رائن برل 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے تھے۔ اوپنر برائن بینیٹ 64 اور کپتان سکندر رضا 25 رنز بناکر ناقابل شکست رہے تھے۔آسٹریلیا کی جانب سے مارکس اسٹوئنس اور کیمرون گرین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔واضح رہے کہ آسٹریلیا اور زمبابوے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ میں آج دوسری مرتبہ مدمقابل آئے تھے اور دونوں مرتبہ آسٹریلیا کو شکست ہوئی۔اس سے قبل 2007 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی ایڈیشن میں زمبابوے نے آسٹریلیا کو شکست سے دوچار کیا تھا۔



