ویرات کوہلی چند روز بعد ہی پہلی پوزیشن سے محروم

بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی چند روز بعد ہی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن سے محروم ہوگئے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ نئی رینکنگ کے مطابق نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل نے ویرات کوہلی سے پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔ڈیرل مچل نے بھارت کے خلاف سیریز میں 352 رنز بنا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا، جو تین میچز کی سیریز میں نیوزی لینڈ کے کسی بھی کھلاڑی کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔اس شاندار کارکردگی نے انہیں آئی سی سی کی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں 845 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔بھارت کے ویرات کوہلی اور روہت شرما ایک ایک درجہ تنزلی سے بالترتیب دوسری اور چوتھی پوزیشن پر چلے گئے۔پاکستان کے بابر اعظم کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے جبکہ سلمان علی آغا ایک درجہ ترقی سے سولہویں پوزیشن پر آگئے۔ون ڈے بولنگ رینکنگ میں ابرار احمد ایک درجہ ترقی سے آٹھویں پوزیشن پر آگئے جبکہ شاہین آفریدی کی انیسویں پوزیشن برقرار ہے۔حارث رؤف بھی ایک درجہ ترقی سے اکیسویں پوزیشن پر آگئے۔



