کھیل

افغان کرکٹر محمد نبی اور انکے بیٹے نے ایک ہی ٹیم میں کھیل کر تاریخ رقم کردی

افغانستان کے لیجنڈ آل راؤنڈر محمد نبی اور ان کے بیٹے حسن عیسیٰ خیل نے ایک ہی ٹیم میں کھیل کر نئی تاریخ رقم کر دی۔بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں دونوں نے ایک ہی ٹیم میں ساتھ کھیل کر باپ بیٹے کی پہلی جوڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ سلہٹ میں ڈھاکا کیپیٹلز کے خلاف نوآخالی ایکسپریس کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے ڈیبیو میچ میں حسن عیسیٰ خیل نے 92 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ میچ سے قبل محمد نبی نے ٹاس سے پہلے اپنے بیٹے کو نوآخالی کی کیپ پیش کی۔واضح رہے کہ نوآخالی ٹیم مینجمنٹ کو ابتدائی چھ میچز میں ناکامی کے بعد شدید تنقید کا سامنا تھا، جس کے بعد ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی گئیں اور حسن عیسیٰ خیل کی بھی ٹیم میں شمولیت ہوئی جنہوں نے میدان میں اترتے ہی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور ثبوت دیا۔حسن عیسیٰ خیل نے 60 گیندوں پر 7 چوکے اور 5 چھکے لگائے اور اپنی ٹیم کی اننگز کو سہارا دیا۔ انہوں نے ابتدا میں سومیا سرکار کے ساتھ اوپننگ شراکت میں 101 رنز جوڑے جبکہ بعد ازاں اپنے والد محمد نبی کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 53 رنز کی اہم پارٹنرشپ قائم کی۔حسن کی بیٹنگ میں والد محمد نبی کی جھلک واضح نظر آئی۔ وہ بھی بیٹ کو نیچے سے پکڑتے ہیں اور ان کا اسٹانس پُرسکون ہے۔ اس کے علاوہ آف اسٹمپ کے باہر ڈرائیوز، اسکوائر کٹس، فلکس اور شاندار پل شاٹس میں نبی کی جھلک نظر آتی رہی، خاص طور پر پل شاٹ نے شائقین کو خاصا متاثر کیا۔باپ بیٹے نے 14 ویں اوور میں ایک ساتھ کریز سنبھالی۔ اس موقع پر ڈھاکا کیپیٹلز کے وکٹ کیپر اور محمد نبی کے دیرینہ افغان ساتھی رحمان اللہ گرباز نے دونوں کو ایک ساتھ دیکھتے ہی گلے لگالیا۔پارٹنرشپ کے دوران محمد نبی مسلسل بیٹے کی حوصلہ افزائی کرتے رہے، تاہم بیٹنگ میں برتری حسن عیسیٰ خیل کے پاس رہی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button