آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2026 کیلیے تمام 16 ٹیموں نے حتمی اسکواڈز کا اعلان کر دیا

آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2026 کے لیے تمام 16 ٹیموں نے اپنے حتمی اسکواڈز کا اعلان کر دیا جس کے ساتھ ہی نوجوان کرکٹرز کے اس میگا ایونٹ کے آغاز کی تیاریاں مکمل ہو گئیں۔ انڈر 19 ورلڈ کپ کا یہ 16 واں ایڈیشن 15 جنوری سے 6 فروری تک نمیبیا اور زمبابوے میں کھیلا جائے گا۔ایونٹ میں روایتی فارمیٹ برقرار رکھا گیا ہے جس کے تحت 16 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی طور پر 41 میچز کھیلے جائیں گے جن میں گروپ مرحلے کے بعد سپر سکس راؤنڈ، سیمی فائنلز اور فائنل شامل ہیں۔گروپ اے میں ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم بھارت شامل ہے جو پانچ بار انڈر 19 ورلڈ کپ جیت چکی ہے۔ اس گروپ میں بھارت کے ساتھ 2020 کے چیمپئن بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور امریکا کو رکھا گیا ہے، جس سے اس گروپ کو خاصی اہمیت حاصل ہو گئی ہے۔گروپ بی میں میزبان زمبابوے کے ساتھ پاکستان، انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ گروپ بھی انتہائی دلچسپ مقابلوں کا مرکز ہوگا، جہاں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان بڑے میچ کی توقع کی جا رہی ہے۔



