دو مزید آسٹریلوی کھلاڑیوں کا آئی پی ایل میں شرکت سے انکار

آئی پی ایل کے مینز ایڈیشن سے بڑے غیر ملکی کھلاڑیوں کے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد ویمنز ایڈیشن سے بھی نامور خواتین کھلاڑیوں نے علیحدگی اختیار کرلی۔تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی نامور آل راؤنڈرز ایلیس پیری اور اینابل سدرلینڈ نے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔دونوں کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے بعد متبادل کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ایلیس پیری کو ایک بار پھر دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو کی نمائندگی کرنا تھی جبکہ اینابل سدرلینڈ دہلی کیپٹلز کے لیے میدان میں اترنے والی تھیں۔سدرلینڈ کی جگہ آسٹریلوی لیگ اسپنر الانا کنگ کو شامل کیا گیا ہے، جو گزشتہ سیزن میں یو پی واریئرز کے لیے ایک میچ کھیل چکی ہیں۔پیری کی جگہ بھارت کی آل راؤنڈر سیالی ستگھرے کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو اب تک تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل چکی ہیں اور مقامی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔مزید برآں، امریکا کی بائیں ہاتھ کی فاسٹ بولر تارا نورس بھی بین الاقوامی مصروفیات کے باعث ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گی۔ان کی جگہ آسٹریلیا کی نوجوان آل راؤنڈر چارلی ناٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ جنوبی افریقا کے فاف ڈوپلیسی، انگلینڈ کے معین علی اور آسٹریلیا کے گلین میکسویل سمیت کئی مشہور کھلاڑیوں نے آئی پی ایل سے دوری اختیار کرلی ہے۔



