بھارت میں شعیب ملک کا مجسمہ؟ سوشل میڈیا پر دلچسپ بحث چھڑ گئی

بھارت میں فٹبال کے عالمی سپر اسٹار لیونل میسی کے اعزاز میں نصب کیا گیا ایک دیوہیکل مجسمہ سوشل میڈیا پر تعریف کے بجائے مزاحیہ بحث کا مرکز بن گیا ہے۔مجسمہ دیکھ کر شائقین کی بڑی تعداد کو میسی کم اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک زیادہ یاد آگئے۔کلکتہ میں میسی کے بھارت کے GOAT ٹور کے موقع پر 70 فٹ بلند (21 میٹر) لوہے کا مجسمہ نصب کیا گیا، جس میں میسی کو ورلڈ کپ ٹرافی تھامے دکھایا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ مجسمہ فٹبال لیجنڈ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے بنایا گیا ہے، مگر جیسے ہی اس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر آئیں، صارفین نے فنکارانہ محنت کے بجائے اس کی مشابہت پر توجہ مرکوز کرلی۔سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ مجسمے کے چہرے کے خدوخال، داڑھی اور مجموعی انداز میسی سے زیادہ شعیب ملک سے ملتے جلتے ہیں۔ کئی صارفین نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ ’’یہ میسی کا مجسمہ ہے یا شعیب ملک کا فٹبال ورژن؟‘‘ جبکہ کچھ نے اسے ’’میسی پلس شعیب ملک کولیبریشن‘‘ قرار دے دیا۔



