ایشیز: آسٹریلیا کا پلیئنگ الیون کا اعلان، اہم کھلاڑیوں کی واپسی، خواجہ باہر

آسٹریلیا نے ایشیز سیریز کے تیسرے میچ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق انجری کے باعث ابتدائی دو میچز نہ کھیلنے والے کپتان پیٹ کمنز صحتیاب ہوکر ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔دوسرے میچ میں چار فاسٹ بولرز کے باعث ٹیم سے باہر ہونے والے تجربہ کار اسپنر نیتھن لائن کی بھی واپسی ہوئی ہے۔سلیکٹرز نے اوپننگ کے لیے ٹریوس ہیڈ اور جیک ویدرالڈ پر اعتماد برقرار رکھا ہے۔اگرچہ اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ کو تیسرے میچ کی پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا گیا تاہم کپتان پیٹ کمنز نے واضح کیا ہے کہ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام نہیں ہوا۔پیٹ کمنز نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب ہر میچ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق عثمان خواجہ کی سب سے بڑی خوبی مختلف پوزیشنز پر رنز بنانا ہے اور اگر ٹیم کو ضرورت پڑی تو ان کی واپسی کا راستہ موجود ہے۔خیال رہے کہ مائیکل نیسر اور برینڈن ڈوگٹ کو ڈراپ کر دیا گیا ہے جبکہ جوش انگلس نے ساتویں نمبر پر اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔واضح رہے کہ انگلش ٹیم اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان پہلے ہی کرچکی ہے۔



