پی ایس ایل اور آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کی فاتح ٹیموں میں نمائشی میچ کا امکان

آئی ایل ٹی ٹوئںٹی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں سے خاص لگاؤ ہے، مستقبل میں مزید پاکستانیوں کو لیگ میں کھیلتے دیکھنا چاہتا ہوں۔دبئی میں نمائندہ ’ایکسپریس‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ رواں سیزن میں فخر زمان، حسن نواز اور نسیم شاہ ہماری لیگ کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بابر اعظم سمیت کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کو منتخب کرنے کا اختیار فرنچائزز کو ہوتا ہے، تاہم ذاتی طور پر مجھے پاکستانی کرکٹرز سے خاص لگاؤ ہے۔پی ایس ایل اور آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کی فاتح ٹیموں کے درمیان ممکنہ نمائشی میچ کے حوالے سے ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ کرکٹ میں سب کچھ ممکن ہے، دونوں لیگز کی فاتح ٹیموں کے درمیان مقابلہ ایک شاندار اور منفرد تجربہ ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کی انتظامیہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ قریبی روابط رکھتی ہے اور پی ایس ایل کو دنیا کی بہترین لیگز میں شمار کیا جاتا ہے، اس لیے مستقبل میں کسی بڑے منصوبے کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا۔ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی اپنے چوتھے سیزن میں داخل ہو کر عالمی کرکٹ کے نقشے پر مضبوط، مستحکم اور باوقار شناخت قائم کر چکی ہے۔



