سہ ملکی سیریز کا اہم ترین میچ : سری لنکا نے زمبابوے کو شکست دے دی

سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اہم ترین میچ میں سری لنکا نے یک طرفہ مقابلے کے بعد زمبابوے کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔سہ ملکی سیریز کا پانچواں میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔زمبابوے کے کپتان سکندررضا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 146رنز بنائے۔زمبابوے کی پہلی وکٹ 5 اور دوسری 17 کے مجموعی اسکور پر گری تاہم اس کے بعد میں آنے والے بلے باز محتاط انداز میں کھیلتے رہے۔زمبابوے کی جانب سے سکندررضا 37، برائن بینٹ 34 اور ریان برل37 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔ سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشانا اور ونندو ہاسارنگا نے 2، 2 جبکہ داسن شناکا نے 1 وکٹ حاصل کی۔جواب میں سری لنکا کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 16.2 اوورز میں 22 گیندوں پہلے صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔



