کھیل
ورلڈ اسکریبل چیمپیئن شپ میں پاکستان نے اہم اعزاز حاصل کرلیا

کراچی:پاکستان کے وسیم کھتری نے شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے ورلڈ اسکریبل چیمپیئن شپ میں برانز میڈل جیت لیا۔گھانا کے دارالحکومت اکرا میں منعقدہ میگا ایونٹ میں وسیم کھتری نے 32 میں سے 22 میچز جیتے لیکن معمولی فرق کے سبب وہ فائنل میں جگہ نہ بنا سکے، تاہم عمدہ کارکردگی ان کی عالمی رینکنگ کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوئی۔دوسری جانب پاکستان نے ٹیم ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ وسیم کھتری، حسان ہادی، اہزم صدیقی، محمد عنایت اللہ اور طارق پرویز پر مشتمل قومی ٹیم مجموعی طور پر چوتھے نمبر پر رہی۔چیمپیئن شپ میں 28 ممالک کے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔کینیڈا کے ایڈم لیگن نے نیوزی لینڈ کے نائجل رچرڈز کو 2-4 سے شکست دے کر عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا۔



