جنوبی افریقی بیٹر ڈی کوک نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ناپسندیدہ ریکارڈ قائم کر دیا

جنوبی افریقی وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک نے سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ناپسندیدہ ریکارڈ قائم کر دیا۔جنوبی افریقا کے وکٹ کیپر بیٹر کونٹن ڈی کوک ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر صفر آؤٹ ہوئے۔اس کے ساتھ ڈی کوک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ صفر آؤٹ ہونے والے جنوبی افریقی بیٹر بن گئے۔ڈی کوک جنوبی افریقا کی نمائندگی کرتے ہوئے 96 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 8 مرتبہ صفر ہوئے جو کہ کسی بھی جنوبی افریقی بیٹر کا اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ صفر پرآؤٹ ہونا ہے۔جنوبی افریقا کی جانب سے اینڈائل فیلوک وائیو 7 بار صفر پر آؤٹ ہونے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ ٹمبا باووما، جے پی ڈومنی اور ریزا ہینڈرکس 6، 6 بار صفر پر آؤٹ ہونے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔



