ویرات کوہلی نے ون ڈے انٹرنیشنل میں سنگاکارا کا ریکارڈ توڑ دیا

بھارتی بیٹنگ اسٹار ویرات کوہلی نے ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں کمار سنگاکارا کے رنز کا ریکارڈ توڑ دیا۔ یہ کارنامہ انہوں نے ہفتے کے روز سڈنی کرکٹ گراؤنڈ (ایس سی جی) میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں انجام دیا۔کپتان روہت شرما کے ساتھ شاندار شراکت قائم کرنے والے کوہلی نے 81 گیندوں پر 74 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی جس میں آٹھ چوکے شامل تھے۔ اس کے ساتھ ہی وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں، جن کے مجموعی رنز اب 14255 ہیں۔ویرات کوہلی نے 305 میچز میں 57.71 کی اوسط اور 93.26 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 75 نصف سنچریاں اور 51 سنچریاں اسکور کی ہیں۔سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا اب فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، جنہوں نے 404 میچوں میں 14234 رنز بنائے تھے، جن میں 93 نصف سنچریاں اور 25 سنچریاں شامل ہیں۔ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز اب بھی بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، جنہوں نے 463 میچز میں 18426 رنز 44.83 کی اوسط سے بنائے، جن میں 96 نصف سنچریاں اور 49 سنچریاں شامل ہیں۔



