بھارتی کرکٹ بورڈ کا اگلا صدر کون ؟ نام سامنے آگیا

بی سی سی آئی کے مختلف عہدوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ سے ایک روز قبل (ہفتے) تک متھن منہاس وہ وہ واحد شخص تھے جنہوں نے دنیائے کرکٹ کے سب سے طاقتور اور امیر ترین کرکٹ بورڈ کے صدر کے عہدے کے لیے دستاویزات جمع کرائیں۔یہ عہدہ اگست میں سابق بھارتی آل راؤنڈر راجر بنی کے استعفیٰ دینے کے بعد سے خالی ہے جب کہ بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا اس عہدے پر عبوری طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔متھن منہاس کا بی سی سی آئی میں تعینات عہدیداروں میں دوسرے کرکٹر ہونے کا امکان ہے جب کہ کرناٹک اور ہندوستان کے سابق اسپنر رگھورام بھٹ خزانچی کا عہدہ سنبھالیں گے۔ وہ اس وقت کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر ہیں۔متھن منہاس اکتوبر میں 46 سال کے ہو جائیں گے، وہ جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن کو چلانے کے لیے بی سی سی آئی کی جانب سے مقرر کردہ ذیلی کمیٹی کا حصہ ہیں۔وہ جموں میں پیدا ہوئے، ریٹائر ہونے سے ایک سال پہلے ہی 2015 میں دہلی سے جموں و کشمیر منتقل ہوگئے تھے، اس کے بعد انہوں نے بنگلہ دیش انڈر 19، آئی پی ایل کی کنگز الیون پنجاب (موجودہ پنجاب کنگز)، رائل چیلنجرز بنگلورو اور گجرات ٹائٹنز کے بیٹنگ کنسلٹنٹ کے ساتھ ساتھ مختلف ٹیموں کے ساتھ بطور کوچ کام کیا۔