ایشیا کپ: ٹرافی کی رونمائی، کپتانوں کا فتح حاصل کرنے کے عزم کا اظہار

صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کی رونمائی کردی۔ٹرافی کی رونمائی کے بعد تمام آٹھ ٹیموں کے کپتان مشترکہ پریس کانفرنس میں شریک ہوئے۔تمام کپتانوں نے ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے اور فتح حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
سلمان علی آغا (کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم)
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ سے ٹیم اچھی کارکردگی دکھارہی ہے۔ تمام کھلاڑی ایشیا کپ کے لیے پرجوش ہیں۔بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میچ میں جارحانہ انداز اپنانا فاسٹ بولر کی خاصیت ہوتی ہے۔سلمان علی آغا نے کہا کہ اس فارمیٹ میں کوئی بھی ٹیم فیورٹ نہیں ہوتی کیوںکہ ایک سے دو اوور میں پورا گیم تبدیل ہوسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لیے یہ کنڈیشنز نئی نہیں ہیں، بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔
سوریا کمار یادیو (کپتان بھارتی کرکٹ ٹیم)
بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ ہم بہت عرصے بعد ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کھیل رہے ہیں۔ جون کے بعد سے ہم نے ایک ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلا لیکن ہمیں بطور ٹیم یہ چیلنج قبول کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں گزشتہ چار روز سے تیاری کررہے ہیں۔ یو اے ای میں کنڈیشن موسم کے لحاظ سے بہتر لگ رہی ہے، ایشیا کپ میں تمام ٹیمیں مضبوط ہیں، سخت مقابلہ ہوگا۔بھارتی کپتان نے کہا کہ ایشیا کپ میں کسی ٹیم کو ہلکا نہیں لیا جاسکتا۔ ٹی ٹوئنٹی وہ فارمیٹ ہے جس میں تمام ٹیمیں برابر ہوتی ہیں، اس میں چھوٹی سے چھوٹی ٹیم کسی بھی ٹیم کو اپنی کارکردگی سے حیران کرسکتی ہے۔