پاکستان ہاکی ٹیم کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کی اجازت

وفاقی حکومت نے پاکستان ہاکی ٹیم کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کی اجازت دیتے ہوئے 250 ملین روپے گرانٹ کی بھی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس میں کیا گیا جہاں معاملے پر تفصیلی بحث ہوئی۔شرکاء کو بتایا گیا کہ پرو ہاکی لیگ کے لیے مجموعی طور پر 350 ملین روپے درکار ہیں۔ 250 ملین روپے وفاقی حکومت فراہم کرے گی جبکہ بقیہ 100 ملین روپے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو خود جمع کرنا ہوں گے۔واضح رہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستان کو پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن گزشتہ روز ختم ہو رہی تھی۔اگر بروقت فیصلہ نہ کیا جاتا تو ٹیم ایک بڑے عالمی ایونٹ سے باہر ہوجاتی۔سیکریٹری آئی پی سی محی الدین وانی نے اجلاس میں بتایا کہ پرو ہاکی لیگ میں شرکت پاکستان ہاکی کے مستقبل کیلیے نہایت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں دنیا کی 10 بہترین ٹیمیں حصہ لیتی ہیں، اس میں شریک ہونا قومی ٹیم کے تجربے اور رینکنگ کے لیے سودمند ہوگا۔اجلاس میں کمیٹی ممبران نے پی ایچ ایف کی کارکردگی اور آئینی معاملات پر سوالات اٹھائے۔