آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، ایڈم زیمپا مشکل میں آگئے

آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر آسٹریلوی لیگ اسپنر ایڈم زیمپا مشکل میں آگئے۔تفصیلات کے مطابق ایڈم زیمپا نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے کے دوران آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کی تھی۔ایڈم زیمپا پلیئرز اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے لیے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.3 کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے جس کا تعلق میچ کے دوران غیر اخلاقی الفاظ کے استعمال سے ہے۔میچ کے 37ویں اوور میں ایڈم زیمپا نے مس فیلڈنگ اور اوورتھرو ہونے پر نازیبا الفاظ استعمال کیے جو اسٹمپ مائیک کے ذریعے آن ایئر سنے گئے۔ایڈم زیمپا کو قصوروار قرار پائے جانے پر نہ صرف سرزنش کی گئی بلکہ ان کے ریکارڈ میں ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ بھی شامل کیا گیا ہے۔لیول ون کی خلاف ورزی پر کم سے کم جرمانہ آفیشل سرزنش، کھلاڑی کی میچ فیس کا زیادہ سے زیادہ 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈیمیرٹ پوائنٹس ہوتے ہیں۔